اسلام آباد: سابق وزیراعظم اور مسلم لیگ ن کے مرکزی رہنما شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ نواز شریف سے متعلق بیان حلفی پر پورا اترنا شہباز شریف کا کام ہے۔
نجی نیوز کے ساتھ بات کرتے ہوئے ن لیگی رہنما نے کہا کہ شہباز شریف کہ سے کوتاہی ہوئی ہے تو حکومت طلب کر کے جواب مانگ لے۔
شاہد خاقان عباسی نے کہا کہ نواز شریف صحتیاب ہونے کے بعد واپس آئیں گے۔ علاج کرانا نوازشریف کا حق ہے اور کورونا کی وجہ سے علاج نہیں ہو سکا۔ ان کا ایک آپریشن امریکہ میں ہونا باقی ہے۔
سینیٹ میں قانون سازی کے متعلق سوال پرن لیگی رہنما کا کہنا تھا کہ ہم بھی قومی سلامتی سمجھتے ہیں لیکن قومی سلامتی کا مسلہ صرف اپوزیشن کے لئے کیوں ہے۔ نیب بھی قومی سلامتی کا مسئلہ ہے ۔ جب تک نیب ہے حکومت نہیں چل سکتی۔
ان کا کہنا تھا کہ ایف اےٹی ایف بل میں خوفناک قوانین ڈالنےکی کوشش کی گئی نیب کالا قانون ہے یہ ملک کوتباہ کررہا ہے۔
وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نےبھی نجی نیوز میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ نواز شریف کے باہر جانے کے معاملےمیں کوئی ڈیل نہیں ہوئی بلکہ نواز شریف کو وطن واپس لانے کے لیے شہبازشریف نے گارنٹی دی تھی اب عدالت کو چاہیے کہ وہ شہباز شریف کو بلائے اور اب ان کو نااہل کرنا چاہیے۔
فواد چوہدری نے کہا کہ فروری میں ہی نواز شریف کی حوالگی کا معاملہ شروع ہو گیا تھا جبکہ لندن میں نواز شریف کی فیملی نے ہائی کمیشن کی رسائی کی درخواست کو مسترد کر دیا تھا۔انہوں نے کہا کہ جس طرح بتایا گیا نواز شریف سخت بیمارہیں لیکن ایسا لگ نہیں رہا۔ ہم صرف چاہتے ہیں کہ نواز شریف جو پیسہ لے کر گئے ہیں وہ واپس کر دیں۔