وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی حضرت بابا فریدالدین گنج شکرؒ کے مزار پر حاضری، چادر پوشی کی، پھولوں کی چادر چڑھائی،دعا مانگی

 وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے  پاکپتن میں حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ کے مزار پر حاضری دی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ کے مزار پر چادر پوشی کی، پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاکستان کی ترقی و سلامتی اور عوام کی خوشحالی کیلئے دعا مانگی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی کیلئے بھی خصوصی دعا کی۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ کے مزار کے احاطے میں قائم کنٹرول روم کا دورہ کیا اور کنٹرول روم میں ڈیجیٹل وال پر مختلف مقامات کا خود جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ تحمل، برداشت، رواداری اور بھائی چارے کا فروغ اولیاء کرام کی تعلیمات کا خاصا ہے۔ برصغیر پاک و ہند میں اسلام اولیاء کرام اور بزرگان دین کے توسط سے پھیلا۔بزرگان دین نے اسلام کے لافانی پیغام کو آگے بڑھایا۔انہوں نے کہا کہ اولیاء کرام کے مزارات پر دلی سکون اور روحانی اطمینان ملتا ہے۔

گمراہی میں گھرے لوگوں نے بزرگان دین کے ذریعے رشد و ہدایت پائی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاکپتن میں ڈھکی کے مقام پر گندگی کے ڈھیر دیکھ کر ناپسندیدگی کا اظہار کیا اور ڈپٹی کمشنر پاکپتن کو شہر میں صفائی کی صورتحال بہتر بنانے کا حکم دیا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے حضرت بابا فریدالدین مسعود گنج شکرؒ کے مزار پر حاضری کے بعد میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ صحافی برادری کو درپیش مسائل پر ہمدردانہ غور کریں گے۔صحافیوں کو صحت انصاف کارڈ دیئے جائیں گے۔ صحافیوں کے مسائل کے حل کیلئے پہلے بھی اقدامات کئے اور آئندہ بھی کریں گے۔پاکپتن میں بابا فرید یونیورسٹی کے منصوبے کے قیام کا اعلان آج کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہر ضلع میں یونیورسٹی بنانے کا عزم رکھتے ہیں۔ قبل ازیںوزیراعلیٰ عثمان بزدار سے ارکان اسمبلی اور تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈرز نے ملاقات کی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ضلع پاکپتن میں محرم الحرام کے انتظامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی زیرصدارت ترقیاتی منصوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے سے متعلق اجلاس منعقد ہوا۔

وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاکپتن میں بابا فرید یونیورسٹی کے منصوبے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ بابا فرید یونیورسٹی کے منصوبے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر امور کو نمٹایا جائے گا۔ہر ضلع میں یونیورسٹی بنانے کے خواب کو تعبیر دیں گے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے پاکپتن کیلئے لوکل گورنمنٹ کے 46 کروڑ روپے فوری طور پر بحال کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ پاکپتن کے شہریوں کو بہترین سہولتوں کی فراہمی کیلئے 46 کروڑ روپے کے فنڈز خرچ کئے جائیں گے۔ پاکپتن میں جمنیزیم کے منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔

ملکہ ہانس میں واٹر سپلائی سکیم کی بحالی کا کام جلد شروع کیا جائے گا۔پاکپتن غلہ منڈی کی تعمیر کا کام مکمل کریں گے۔پاکپتن کے زیرتکمیل ترقیاتی منصوبوں کو پایہ تکمیل تک پہنچایا جائے گا۔پاکپتن میں نئی پناہ گاہیں اور لنگرخانے قائم کریں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ محرم الحرام میں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات میں کسی کوتاہی کی گنجائش نہیں۔ ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جائے گی۔سوشل میڈیا پر مذہبی منافرت پھیلانے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

مجالس اور جلوسوں میں کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد ہر صورت یقینی بنایا جائے۔انہوں نے کہا کہ بابا فرید گنج شکرؒ کے عرس پر بھی سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کئے گئے ہیں۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے رکن اسمبلی کی درخواست پر پاکپتن کے معذور خاندان کے علاج معالجے کا حکم دیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر پاکپتن کو فوری علاج معالجے کیلئے ضروری اقدامات کی ہدایت کی اور کہا کہ معذور خاندان کے علاج معالجے کے تمام تر اخراجات حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا کہ کسی رکن اسمبلی کا جائز کام نہیں رکے گا۔

ناجائز کام کبھی کیا ہے نہ کسی کو کرنے دوں گا۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹر ہسپتال پاکپتن کی اپ گریڈیشن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال میں ایمرجنسی بلاک، زچہ و بچہ واڈر اور ٹراما سینٹر بنائیں گے۔عارف والا بائی پاس اور بورے والا ساہیوال روڈ کی تعمیر ترجیحی بنیادوں پر کی جائے گی۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے بابا فرید پارک کیلئے زمین کی نشاندہی جلد کرنے کی ہدایت کی۔ ا راکین صوبائی اسمبلی میاں فرخ ممتاز مانیکا، احمد شاہ کھگہ، ساجدہ نوید، ٹکٹ ہولڈر پیر محمد شاہ کھگہ، کمشنر ساہیوال ڈویژن، آر پی او ساہیوال، ڈپٹی کمشنر و ڈی پی او پاکپتن اور متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔
 

 
 

 
 
 
 

ای پیپر دی نیشن