اسلام آباد (نیوز رپورٹر) چیئرمین سینٹ محمد صادق سنجرانی سے قطر کے سفیر شیخ سعود بن عبدالرحمان الثانی نے ملاقات کی جس میں اہم امور، کرونا وائرس کے باعث پیدا شدہ صورتحال، علاقائی و عالمی صورتحال، ادارہ جاتی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ گزشتہ روز ہونے والی ملاقات میں تجارت اور سرمایہ کاری اور دیگر شعبوں میں باہمی تعلقات میں پیشرفت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ چیئرمین سینٹ نے کہاکہ قطر کے ساتھ دوستانہ تعلقات کو اہم سمجھتے ہیں، دونوں ملکوں نے مشکل وقت میں ایک دوسرے کا ساتھ دیا ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہاکہ کرونا وبا کے باعث عالمی و علاقائی سطح پر غیر معمولی صورتحال پیدا ہو گئی ہے اور وبا کیخلاف عالمی سطح پر مل کر کوششیں کرنے کی ضرورت ہے۔ چیئرمین سینٹ نے کہاکہ اہم فورمز پر دوطرفہ تعاون ایک دوسرے پر اعتماد کو ظاہر کرتا ہے۔ مقبوضہ کشمیر میں جاری بھارتی افواج کے مظالم اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں نے خطے کے امن کو دائو پر لگا دیا ہے۔ قطری سفیر نے کہاکہ قطر پاکستان کے ساتھ تعلقات کو تعاون کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔