کرونا:85ہلاک،مثبت شرح7.4فیصد،پاکستان پھر30ویں نمبر پر

 اسلام آباد/ پشاور (نامہ نگار+ آئی این پی+ شنہوا+ این این آئی) اسلام آباد میں کرونا مثبت کیسز کی شرح میں اضافے کے بعد پمز ہسپتال میں طے شدہ آپریشنز معطل کردیے گئے ہیں، جبکہ ایمرجنسی آپریشن کا عمل ہسپتال میں جاری رہے گا۔ ملک میں بیرون ممالک ویکسین لگوانے والے پاکستانیوں کی رجسٹریشن شروع ہوگئی ہے۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں اسلام آباد میں کرونا کے 565نئے کیسز سامنے آئے، مثبت کیسز کی شرح 9فیصد رہی ہے۔ نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر (این سی او سی)کے اعداد و شمار کے مطابق پاکستان میں 24گھنٹوں کے دوران  مزید 4ہزار 553کیسز سامنے آئے ہیں، مزید 85افراد اس موذی وبا کے سامنے زندگی کی بازی ہار گئے، اس کے مزید 3ہزار 413مریض شفایاب ہو گئے، جبکہ مثبت کیسز کی شرح 7اعشاریہ 4فیصد ہو گئی۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں  مزید 61 ہزار 466 ٹیسٹ کیے گئے، جبکہ اب تک کل 1 کروڑ 74 لاکھ 59 ہزار 249 کورونا ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں۔ پاکستان بھر میں اب تک کل 4 کروڑ 78 لاکھ 2 ہزار 106 کرونا ویکسین کی خوراکیں دی جا چکی ہیں۔ سندھ میں  مریضوں کی تعداد ایک بار پھر دیگر صوبوں سے زیادہ 4 لاکھ 25 ہزار 570 ہو چکی ہے نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق بیرون ممالک ویکسینیشن کروانے والے نمز، نادرا میں ریکارڈ رجسٹرڈ کروا سکتے ہیں۔ رجسٹریشن کے بعد بیرون ممالک ویکسینیشن کروانے والے نادرا سے سرٹیفکیٹ لے سکتے ہیں۔ امریکہ نے کووڈ 19کی روک تھام کیلئے فائزر ویکسین کی 37لاکھ خوراکوں پر مشتمل کھیپ حکومت پاکستان کو عطیہ کردی۔ ان 37لاکھ ٹیکوں کا یہ عطیہ  جولائی میں امریکی حکومت کی جانب سے فراہم کی جانے والی موڈرینا ویکسین کی 55لاکھ خوراکوں کے علاوہ ہے۔ سابق چیف ایگزیکٹو آفیسر خیبر ٹیچنگ ہسپتال ڈاکٹر ظاہر شاہ کرونا سے انتقال کرگئے ہیں۔ حیات آباد میڈیکل کمپلیکس ہسپتال کے کرونا وارڈ میں گزشتہ چند روز سے زیر علاج تھے۔ دنیا بھر میں نوول کرونا وائرس کے مصدقہ کیسز کی تعداد 21کروڑ 38لاکھ 66ہزار744 ہوگئی۔ امریکہ 3کروڑ82لاکھ23ہزار29 مصدقہ کیسز کے ساتھ سرفہرست ہے جبکہ بھارت 3کروڑ25لاکھ 12ہزار366مصدقہ کیسز کے ساتھ دوسرے اور برازیل 2کروڑ6لاکھ 45ہزار537 مصدقہ کیسزکے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ فرانس میں مصدقہ کیسز کی تعداد 67لاکھ 57ہزار783، روس میں 67لاکھ 9ہزار605، برطانیہ میں 66 لاکھ 21ہزار799 اور ترکی میں 62لاکھ 73ہزار651 تک پہنچ گئی ہے۔ ارجنٹائن میں مصدقہ کیسز کی تعداد 51لاکھ 55ہزار79 اور کولمبیا میں مصدقہ کیسز کی تعداد 48لاکھ 97ہزار150 تک پہنچ گئی ہے۔ کرونا مریضوں کے حوالے سے مرتب کی گئی فہرست میں پاکستان پھر 30 ویں نمبر پر پہنچ گیا۔

ای پیپر دی نیشن