کرم (نامہ نگار) ضلع کرم کے علاقے لوئر کرم میں جائیداد کے تنازعے پر دو فریقین کے مابین فائرنگ کے نتیجے میں آٹھ افراد جاں بحق‘ گیارہ زخمی ہوگئے۔ پولیس ذرائع کے مطابق لوئر کرم میں علاقہ مہورہ کے قریب شیر جان کلے اور ساگو کلے کے قبائل کے مابین طویل عرصے سے جائیداد کا تنازعہ چلا آرہا تھا اور آج صبح فریقین کے درمیان آمنا سامنا ہونے پر تلخ کلامی ہوئی جس کے بعد فریقین نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں فریقین کے آٹھ افراد جاں بحق اور گیارہ زخمی ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں مقداد حسین، استقلال حسین، سید عابد حسین، سید امداد، علی حسن، قیصر حسین، علی نبی اور شوکت حسین شامل ہیں۔ زخمیوں کو پارا چنار ہسپتال پہنچا دیا گیا۔ ڈی ایم ایس ڈاکٹر ممتاز حسین کے مطابق تین زخمیوں کی حالت نازک ہے۔ ڈی پی او ضلع کرم طاہر اقبال کا کہنا ہے کہ پولیس کے دستے علاقے میں پہنچ گئے ہیں اور واقعے کے حوالے سے تحقیقات کی جارہی ہے۔