جنیوا(این این آئی)سعودی عرب نے کہا ہے کہ وہ افغانستان کے موجودہ حالات پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے اور مملکت برادر ملک افغانستان میں جلد از جلد امن اور استحکام کی خوہاں ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق انسانی حقوق کونسل میں سعودی عرب کے مستقل مندوب ڈاکٹرعبدالعزیز الواصل نے جنیوا میں افغانستان کی موجودہ صورت حال پرہونے والے ہنگامی اجلاس سے خطاب میں کہا کہ ہم افغانستان میں مسلسل بدلتی صورت حال پرگہری نظر رکھے ہوئے ہیں۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ افغانستان میں جلد امن بحال ہوگا اور ملک میں استحکام آئے گا۔ ہم امید کرتے ہیں کہ افغان عوام کی امنگوں اور ان کی باوقار زندگی کے لیے طالبان اور تمام افغان قوتیں سلامتی ،استحکام ،عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے کام کریں گی اور افغان عوام کے مفادات کو آگے بڑھانے ، تشدد ترک کرنے اور پائیدار امن کے قیام کے لیے مل کر کام کریں گی۔ افغانستان میں قیام امن کیلیے کی جانے والی کوششوں کی حمایت کرتا ہے تاکہ انسانی حقوق کا تحفظ اورباہمی احترام کو فروغ ملے۔ سعودی عرب افغانستان میں کسی غیرملکی مداخلت کو مسترد کرتے ہوئے افغان عوام کو اپنی مرضی کے مطابق حکومت کی تشکیل کا پر زور حامی ہے۔