کراچی (نیوز رپورٹر) منیجنگ ڈائریکٹر سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈ زبیر احمد چنہ اور یوکے بیس ادارہ ٹیئرفنڈ(Tearfund) کی جانب سے کنٹری ڈائریکٹرجوناتھن جانسن،پروجیکٹ ڈائریکٹر سمیہ ساجد کے درمیان ایک معاہدہ سائن کیا گیا اس موقع پرایگزیکٹو ڈائریکٹر آپریشن طارق نظامانی، سیکریٹری طاہر شہباز ودیگر ممبران و افسران موجود تھے۔ معاہدے کامقصد کچرے میں سے کام کی اشیا، پلاسٹک وغیرہ کوری سائیکل کرکے ماحول کو گرین بنانا، اور شہریوں کو صحت مند ماحول فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ آگاہی اور روزگار کے مواقع بھی دینا ہے۔اس پروجیکٹ کی فنڈنگ (UKAID MATCH Funding) فنڈ کرے گا۔ایم ڈی زبیر چنہ کی کاوشوں سے کراچی شہر میں شہریوں کو صفائی ستھرائی کی سہولیات فراہم کرنے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جا رہاہے اور گھر گھر سے کچرااٹھانے کا بھی آغاز کردیا گیا ہے یہ معاہدہ بھی انہی کاوشوں کی ایک کڑی ہے پروجیکٹ ہریالی حب سسٹم کے تحت مخصوص یوسیز میں گھروں سے کچرا الگ الگ اور محفوظ طریقے سے رکھنے سے متعلق شہریوں کوآگاہی فراہم کی جائے گی،ایس ایس ڈبلیوایم بی ضلع ملیر اور کیماڑی کی مخصوص یوسیز سے گھر گھر سے کچراپہلے ہی اٹھارہا ہے اس معاہدے کے بعد رہائشی اپنا کچراالگ الگ کرکے محفوظ طریقے سے ایس ایس ڈبلیو ایم بی کو دیں گے جو بعد ازاں جی ٹی ایس پہنچایا جائے گا اور یہ بات یقینی بنائی جائے گی کہ کچرا مکس نہ ہو، ٹیئرفنڈ اپنے پروجیکٹ یو کے ایڈ میچ فنڈڈ پروجیکٹ کے تحت اس کچرے کو اپنے یونٹ ہریالی حب پر دوبارہ استعمال کے قابل بنانے کیلئے آرگینک کچرے سے کھاد اور پلاسٹک کو ری سائیکل کر کے اینٹیں بناکر اسے فروخت کریں گے۔ہریالی حب پروجیکٹ سے حاصل ہونے والی آمدنی ویسٹ مینجمنٹ سسٹم کے لئے مختص ہوگی، آرگینک اور ری سائیکل والی اشیا کو الگ کرنے کے بعد لینڈ فل سائٹ پر پہنچنے والے کچرے میں کمی آئے گی جس سے نہ صرف ماحول صحتمند اور گرین ہوگا بلکہ شہریوں کے لئے روزگار کے مواقع بھی فراہم ہونگے۔تقریبا سال میں اس پروجیکٹ کے اختتام پر پروجیکٹ کی مینٹینس اور حاصل ہونے والی آمدنی و اخراجات ایس اسی ڈبلیوایم بی کی ذمہ داری ہوگی۔