لندن (نوائے وقت رپورٹ) برطانیہ کی ٹریول لسٹ اپ ڈیٹ کردی گئی۔ برطانیہ نے پاکستان کو بدستور ریڈ لسٹ پر رکھا ہے۔ برطانیہ میں پاکستانی کمیونٹی میں مایوسی کی شدید لہر دوڑ گئی، کمیونٹی کو پوری امید تھی کہ پاکستان اس مرتبہ ریڈ لسٹ سے امبر پر آجائے گا۔ برطانیہ نے9اپریل سے پاکستان سمیت 4ممالک کو ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کا اعلان کیا تھا۔ دیگر ممالک میں فلپائن،کینیا اور بنگلہ دیش شامل تھے۔ ریڈ لسٹ ممالک سے صرف برطانوی شہریوں یا قیام کی اجازت رکھنے والے افراد کو آنے کی اجازت ہے۔ ریڈ لسٹ میں شامل ممالک سے آنیوالوں کو 10دن ہوٹل میں قرنطینیہ میں رہنا ہوگا۔ ہوٹل میں قرنطینہ کے اخراجات میں بھی تقریباً 400پائونڈ کا اضافہ کردیا گیا تھا۔ برطانیہ نے ریڈ لسٹ میں شامل کرنے کے 2ہفتوں بعد بھارت کو ریڈ لسٹ میں شامل کیا تھا۔