لاہور (وقائع نگار) سوئی ناردرن کے1500سے زائد افسران، ملازمین کو نوکری سے فارغ کر دیا گیا ہے۔ یہ ملازمین پیپلز پارٹی نے1993ء سے 1996ء تک اور مسلم لیگ (ن) نے1997ء میں بھرتی کیے تھے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے مطابق نکالے گئے، پیپلز پارٹی نے دوبارہ اقتدار میں آ کر ان افسر و ملازمین کو بحال کر دیا تھا۔ سپریم کورٹ نے گزشتہ ہفتے پیپلز پارٹی دور کا ’’برطرف ملازمین بحالی ایکٹ 2010ئ‘‘ کالعدم قرار دیا تھا۔ ایکٹ کے ذریعے تمام ملازمین کو دیئے گئے فوائد فوری روکنے کا حکم بھی دیا گیا تھا۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے ایگزیکٹو آفیسرز اور ملازمین کے دفاتر میں داخلے پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ سوئی ناردرن گیس کمپنی کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق ملازمین سے مفت گیس، میڈیکل کی سہولیات بھی واپس لے لی گئیں جبکہ نوکری سے فارغ ہونے والے افسر و ملازمین سے ڈیوٹی کارڈز بھی ضبط کرنے کا حکم دیا گیا۔