صدر مملکت کا دورہ جی ایچ کیو ،  فوج کی قربانیوں کی تعریف

Aug 27, 2021

سرحدوں کے دفاع اور اندرون ملک امن کیلئے پاکستان مسلح افواج نے بلاشبہ قربانیوں کی قابل فخر اور لازوال تاریخ رقم کی ہے جس کا عوام و خواص کی طرف سے ہر سطح پر اعتراف کیا جانا داد و تحسین کے تقاضوں کے عین مطابق ہے۔ ایسے کلمات سے ہی ہماری قابل فخر تاریخ کا اعادہ بھی ہوتا ہے اور داد شجاعت دینے والوں کو حوصلہ ملتا ہے۔ قربانیوں کی تحسین اور شجاعت کی تعریف کے تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے صدر مملکت ڈاکٹر عارف الرحمن علوی نے گزشتہ روز جی ایچ کیو کا دورہ کیا۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر صدر مملکت کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے یادگار شہداء پر پھول چڑھائے اور فاتحہ خوانی کی۔ صدر مملکت اور چیف آف آرمی سٹاف نے علاقائی صورتحال اور قومی سلامتی کے امور پر تبادلہ خیالات کیا۔ صدر مملکت کو پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں سے آگاہ کیا گیا اور کمیونی کیشن اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی برانچ کی جانب سے سائبر سکیورٹی پر بریفنگ دی گئی۔ صدر مملکت ڈاکٹر عارف الرحمن علوی نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کی تعریف کی۔ صدر مملکت کا حالیہ دورہ جی ایچ کیو عالمی اور علاقائی صورتحال کے پیش نظر بلاشبہ بڑی اہمیت کا حامل ہے اور ہر روز بدلتے حالات کا مقابلہ کرنے کیلئے پاکستان کی مسلح افواج کی تیاریاں اور چیلنجز سے نمٹنے کے اقدامات قابل تعریف اور تسلی بخش ہیں۔ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے پیشہ ورانہ کردار، افسروں اور جوانوں کی فرض شناسی اور مادر وطن کے دفاع کے حلف کی پاسداری کے عزم نے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کومزید صیقل کردیا ہے۔ ایسی پرامید صورت احوال میں رب کریم کا جتنا بھی شکر ادا کیا جائے کم ہے ، قوم وطن عزیز اور جانثاران وطن کی سلامتی کیلئے دعا گو ہے۔

مزیدخبریں