کوئی وعدہ پورا نہیں کیا،حکومت کے3 سال سیاہ ثابت ہوئے: صغیر بٹ

Aug 27, 2021

گوجرانوالہ(نمائندہ خصوصی)موجودہ حکومت کے تین سال سیاہ ترین سال ثابت ہوئے ہیں حکومت کی جانب سے ایک کروڑ نوکریاں دینے کا وعدہ تو دور کی بات پہلے سے موجود ملازمین کو نوکریوں سے نکالا جا رہا ہے ان کو بے روزگار کیا جا رہا ہے حکومت نے تین سالوں میں کوئی بھی وعدہ پورا نہیں کیا ان خیالات کا اظہار پیپلز پارٹی گوجرانوالہ کے سیکرٹری اطلاعات محمد صغیر بٹ نے سوئی گیس ملازمین کو سوئی گیس دفتر میں داخل نہ ہونے پر ملازمین کے ہمراہ سوئی گیس آفس کے باہر پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ان کے ہمراہ سی بی اے یونین سوئی ناردرن گیس کے مرکزی رہنما مکلم خان،محمد سعود،نصیر احمد ،پرویز احمد بشارت علی ،اکبر جٹ ،عصمت اللہ سیان ،اعجاز احمد ویگر بھی موجود تھے۔ صغیر بٹ نے نوکری سے نکالے جانے والے سوئی گیس ملازمین سے اظہار یکجہتی کرتے ہوئے کہا کہ یہ ملازمین 1994میں پیپلز پارٹی کے دور میں بھرتی ہوئے انہیں 1997میں نکال دیا گیا پھر 2009 میں سابق صدر آصف علی زرداری نے ایگزیکٹیو آرڈر کے ذریعے سولہ ہزار ملازمین کو بحال کیا تھا جسے اب سپریم کورٹ کے سنگل بینچ نے منسوخ کر دیا ، موجودہ حکومت ان ملازمین کا کیس ٹھیک انداز میں نہیں لڑ سکی انہوں نے کہا کہ جن ملازمین کو نوکری سے نکالا گیا ہے ان میں سے بیشتر کی عمریں پچاس سال سے زائد ہیں ۔وہ اب اس عمر میں کہاں نوکری تلاش کریں گے،کچھ ملازمین تو ریٹائرمنٹ کے نزدیک ہیں وہ کہاں جائیں گے۔پیپلز پارٹی ہر فورم پر ان ملازمین کی آواز بنے گی۔

مزیدخبریں