عمرہ زائرین طے شدہ اوقات کی پابندی کریں ، الحرمین الشریفین انتظامیہ

Aug 27, 2021 | 17:22

ویب ڈیسک

سعودی عرب میں مقدس مساجد الحرمین الشریفین کی انتظامیہ نے عمرہ زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ اعتمرنا ایپ میں دیئے گئے اوقات کار کی پابندی کریں۔ سعودی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھیڑ کو کنٹرول کرنے والی کمیٹی کے سربراہ انجینئر ایمن بن مصطفی فلمبان نے کہا ہے کہ حرم میں بہترین سہولتیں حاصل کرنے کے لیے وقت کی پابندی ضروری ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ بعض لوگ اعتمرنا اور توکلنا کے ذریعہ عمرے کا وقت لے لیتے ہیں مگر طے شدہ اوقات کے بجائے تاخیر سے یا وقت سے بہت پہلے آجاتے ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ عمرے کا وقت متعین کرنے کا مقصد ہی یہ ہے کہ ایک طے شدہ وقت کے اندر ایک خاص تعداد کو حرم میں موجود ہونے کی اجازت ہے،جب طے شدہ وقت سے پہلے یا بعد میں کوئی آتا ہے تو طے شدہ تعداد سے اضافی ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا ہے کہ انتظامیہ نے زائرین کو بہترین سہولتوں کے ساتھ محفوظ ماحول فراہم کرنے کی بھی ذمہ داری لے رکھی ہے،اسے یقینی بنانے کے لیے ضروری ہے کہ اوقات کار کے شیڈول کی پابندی کی جائے۔

مزیدخبریں