لاہور ( سپیشل رپورٹر ) چیئرمین یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا ہے کہ طلبا کی جسمانی نشوونما کیلئے تعلیمی اداروں میں کھیل کی سرگرمیاں ناگزیر ہیں اسی سے وہ نصابی شعبے کے ساتھ ساتھ کھیل میں بھی نمایاں مقام حاصل کر سکیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز یونیک گروپ آف انسٹی ٹیوشنز کے زیر اہتمام سپورٹس ورکشاپ کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کھیل انسان کو مقابلہ ، منصوبہ بندی اور اپنے مدمقابل کی کمزوریوں کو سمجھنے میں مدد دیتا ہے اور اسی سے طلبا میں برداشت اور جیت کا جذبہ بھی فروغ پاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھے کھلاڑی ٹیم ورک اور قوائد و ضوابط کی پاسداری سے اپنی شخصیت میں نکھار پیدا کرتے ہیں جس سے وہ دوسروں سے نمایاں نظرآتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کھیل کا میدان طلبا کی متوازن شخصیت سازی کے لیے ضروری ہے اور اسی سے ان کی کردار سازی کرنے میں مدد ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تعلیمی اداروں کی اولین ذمہ داریوں میں نصابی سرگرمیوں کی تکمیل کے ساتھ ساتھ کھیلوں کی بہترین سہولیات کی فراہمی بھی شامل ہے۔ پروفیسر عبدالمنان خرم نے کہا کہ یونیک گروپ ا?ف انسٹی ٹیوشنز کے طلبا نصابی شعبے میں نمایاں پوزیشنز حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ کھیل کے میدان میں بھی پیش پیش ہیں۔ورکشاپ کی اختتامی تقریب میں ڈائریکٹر یونیک گروپ پروفیسر وسیم انور چوہدری، مینیجر پروموشنز، سپورٹس اینڈ ایڈمن پروفیسر ریاض الحق کے علاوہ سپورٹس اساتذہ اور کوچز نے بھی شرکت کی۔
طلبا کی جسمانی نشوونما کیلئے کھیل کی سرگرمیاں ناگزیر :پروفیسر عبدالمنان خرم
Aug 27, 2022