راولپنڈی (سٹاف رپورٹر)یوٹیلیٹی بلز خصوصا بجلی صارفین کیلئے تصحیح شدہ بلوں کی بنکوں میں ادائیگی مسئلہ بن گئی۔ بلوں کی آخری تاریخوں ڈاکخانوں میں رات گئے تک لمبی قطاریں لگی رہیں۔ معلوم ہوا ہے کہ حکومت کی طرف سے بجلی بلوں میں عائد ٹیکس واپس لینے اور بھاری بلز کی اقساط کرانے والے صارفین بڑی تعداد میں بلز میں درستگی کرا رہے ہیں لیکن درستگی کے بعد بھی انکو قریبی بنکس میں ادائیگی کے مسئلے کا سامنا ہے۔ صارفین کے مطابق درستگی والے بلز بنک جمع نہیں کرتے اور انکا موقف ہے کہ ان کے سسٹم میں تصحیح شدہ بلز جمع کرنے کا آپشن نہیں اسلئے بل ڈاک خانوں میں جمع کرائیں۔ صارفین کی اس جواز پر بنک عملے سے تکرار بھی ہوتی ہے صارفین کے مطابق درستگی کے بعد بلز آن لائن ٹھیک ہو جاتے ہیں لیکن بنک عملہ ماننے کو تیار نہیں۔ سنگل شفٹ چھوٹے ڈاک خانوں میں مخصوص اوقات کے بعد اور سکیورٹی وجوہات پر بڑی رقم والے بل جمع کرنے سے اجتناب کی وجہ سے صارفین کو دور دراز سفر کر کے جی پی او صدر جانا پڑتا ہے جو انکے لئے تکلیف دہ ہے۔