امریکہ ، بھارت کی مشترکہ فوجی مشقیں ، یہ تیسرے فریق کی مداخلت ہے ، چین برہم 

Aug 27, 2022

بیجنگ (کے پی آئی) چین نے  بھارت اور امریکا کی لائن آف ایکچوئل کنٹرول پر مشترکہ فوجی مشقوں کو دو طرفہ سرحدی معاملے پر مداخلت قرار دیتے ہوئے برہمی کا اظہار کیا ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق چین کی سرحد کے نزدیک بھارتی ریاست اتراکھنڈ کی بلند ترین چوٹیوں پر بھارت اور امریکا یودھ ابھیاس کے نام سے 18 اکتوبر سے 31 اکتوبر تک مشترکہ جنگی مشقیں کریں گے جس کی تیاریاں آخری مراحل میں ہیں۔ خیال رہے کہ بھارت اور چین کے درمیان گزشتہ 2 برس سے اس سرحد پر کافی کشیدگی دیکھی گئی ہے اور دونوں جانب سے بھاری تعداد میں نفری تعینات اور جنگی ساز و سامان نصب کیے گئے ہیں۔ چین نے  مشترکہ فوجی مشقوں پر کہا ہے کہ ہمارا اس سرحد پر بھارت کے ساتھ کئی برسوں سے تنازعہ ہے۔ امریکا کی بھارت کے ساتھ اس سرحد پر فوجی مشقیں دو طرفہ تنازعے میں کسی تیسرے فریق کی مداخلت سے تعبیر کی جائیں گی۔

مزیدخبریں