لاہور (خصوصی نامہ نگار) پاکستان علماء کونسل نے ملک کی موجودہ صورتحال پر فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلانے کا مطالبہ کر تے ہوئے کہا ہے کہ ملک کی موجودہ سیلابی صورتحال تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں سے متحد ہو کر جدوجہد کا تقاضا کرتی ہے۔ پاکستانی قوم مخیر حضرات اور سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رضا کار پاک فوج کے شانہ بشانہ سیلاب زدگان کی امداد کیلئے عملی طور پر میدان میںآئیں، وزیر اعظم میاں شہباز شریف فوری طور پر آل پارٹیز کانفرنس بلائیں، سیلاب متاثرین کی امداد کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب چودھری پرویز الٰہی قومی اتحاد اور اتفاق میں اپنا کردار ادا کریں۔ قطر میں وزیر اعظم اور ان کے وفد کی کسی اسرائیلی سے ملاقات نہیں ہوئی، فلسطین کے مسئلہ پر پاکستان کی عوام اور ریاست کا موقف واضح ہے اور اسے کوئی تبدیل نہیں کر سکتا۔ یہ بات چیئرمین پاکستان علماء کونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ عوام الناس، مخیر حضرات کو اپنے ہم وطنوں کی امداد کیلئے فوری طور پر امداد کیلئے آگے آنا چاہیے۔ برادر اسلامی عرب ممالک اور عالمی دنیا کو فوری طور پر اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہو گا، پاکستان اور حکومت پاکستان تنہا اس افسوسناک اور کربناک صورتحال سے نہیں نمٹ سکتی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں فلاحی سرگرمیاں سر انجام دینے والی این جی اوز اور خیراتی اداروں کو علاقے تقسیم کر لینے چاہئیں تا کہ وہ موثر انداز میں اپنے ہم وطنوں کی خدمت کر سکیں۔ سیلاب کی موجودہ صورتحال میں پاک فوج کا کردار قابل تحسین ہے اور ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتوں اور ان کے رضا کاروں کو پاک فوج کے شانہ بشانہ اپنے ہم وطنوں کی خدمت کیلئے نکلنا چاہیے۔