لاہور (نامہ نگار) وحدت کالونی سے مبینہ طور پر مغوی زنجیروں میں جکڑے تین بھائیوں نے اغواءکاروں کی گاڑی سے چھلانگیں لگا کر اپنی جان بچا لی، پولیس نے مغوی بھائیوں کے والد کی درخواست پر نامعلوم افراد کےخلاف مقدمہ درج کر لیا۔ بتایا جاتا ہے کہ وحدت روڈ پر ایک پلازے میں قائم کال سنٹر سے دو روز قبل رات کے وقت ملزموں نے تین بھائیوں عدنان محسن اور فلک شیر کو اغواءکرلیا اور انہیں نامعلوم مقام پر لے گئے، جہاں انہیں زنجیروں سے جکڑ دیا گیا۔ بعد ازاں ملزم ان کو کار میں دوسری جگہ منتقل کر رہے تھے کہ مغویان نے چھلانگیں لگا کر اپنی جان بچا لی۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ مبینہ مغویوں کی شہرت ٹھیک نہیں اور ان پر خواتین ملازمین کو ہراساں کرنے کے الزامات ہیں۔ امکان ہے کہ انہیں اسی وجہ سے کسی نے اُٹھایا ۔ لین دین کا تنازعہ بھی ہو سکتا ہے۔ تفتیش کے بعد اصل حقائق سامنے آئیں گے۔
جان بچا لی