لاہور (خصوصی نامہ نگار) انجمن اہل حدیث لاہور کے صدر اور جامع محمد ی سنت نگر ، فردوس پارک کے خطیب مولانا فضل الرحمن بن محمد نے کہا ہے کہ روز بروز تیزی سے بڑھتی مہنگائی کے ہاتھوں شدید پریشان عوام پر بجلی کے بل مزید قیامت ڈھاگئے اور ٹیکس معاف کرنے کے حکومتی اعلان کے باوجود بینکوں اور مالیاتی اداروں کا منہا شدہ بل جمع کرنے سے انکار عوام کو انتہائی پریشانی اور عذاب میں مبتلا کر رہا ہے۔ 30یونٹ کا بل پانچ ہزار روپے اور 3اے سی والے گھر میں ایک لاکھ چالیس ہزار روپے بل آیا ہے۔ وہ کیا کھائیں اور بل کیسے دیں۔ عوام زہنی مریض بن رہے ہیں۔ حکومت سے اس سلسلے میں عوامی مطالبہ ہے کہ جن بڑے لوگوں ، افسروں۔ بیوروکریٹس ، وزرائ ، مشیران حکومت اور واپڈا اہلکار ، ججز ، غرض جن جن کو مفت بجلی کی فراہمی کی جارہی ہے اور بے دردی اور بے رحمی سے اس کا استعمال کر رہے ہیں۔ ان سے بھی بل وصول کئے جائیں اور غریب عوام کو ریلیف دیا جائے جس کے وہ حقدار ہیں۔