لاس اینجلس(شِنہوا)امریکی ریاست ایریزونا میں ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس میں بے دخلی کے دوران فائرنگ کے نتیجے میں ایک کانسٹیبل سمیت 4 افراد ہلاک ہو گئے۔ پولیس کے حوالے سے ٹکسن کے ایک ٹیلی ویڑن اسٹیشن کے او ایل ڈی ٹی وی نے بتایا کہ یہ "مڈ ٹان ٹکسن کے ایک اپارٹمنٹ کمپلیکس میں ممکنہ طور پر تہرا قتل اور خودکشی ہے۔"ٹکسن پولیس ڈیپارٹمنٹ نے کہا کہ افسران کو مقامی وقت کے مطابق جمعرات کی صبح 11 بجے کے قریب 3493 ایسٹ لِنڈ روڈ پر واقع لِنڈ کامنز اپارٹمنٹس میں بلایا گیا۔ کئی ذرائع کے حوالے سے رپورٹ میں کہا گیا کہ فائرنگ اس وقت ہوئی جب پیما کانٹی کانسٹیبل ڈیبورا مارٹینیز گاریبے اور ایک اپارٹمنٹ مینیجر نے بے دخلی کا نوٹس جاری کیا۔ رپورٹ کے مطابق، ذرائع نے بتایا کہ بے دخل کیے جانے والے رہائشی نے اپارٹمنٹ کے مینیجر، مارٹینیز گاریبے اور ایک پڑوسی کو خود پر بندوق چلانے سے قبل قتل کر دیا۔
4 افراد ہلاک
چینی صدر کی چین اور دیگر ممالک کے درمیان تبادلوں کے فروغ کے لیے غیر ملکی ماہرین کی حوصلہ افزائی
بیجنگ(شِنہوا)چین کے صدرشی جن پھنگ نے غیر ملکی زبانوں کے ڈی فارن لانگوج پریس کے ساتھ کام کرنے والے غیر ملکی ماہرین کی حوصلہ افزائی کی ہے کہ وہ چین اور دنیا کے دیگر ممالک کے درمیان تبادلوں اور رابطوں کو فروغ دینے اور انسانیت کے ہم نصیب مستقبل کے ساتھ ایک معاشرے کی تعمیر میں مزید تعاون کریں۔کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکرٹری اور مرکزی فوجی کمیشن کے چیئرمین، صدرشی نے ان خیالات کااظہارپبلشنگ ہاس کی 70ویں سالگرہ کے موقع پر غیر ملکی ماہرین کو لکھے گئے اپنے جوابی خط میں کیا۔
حوصلہ افزائی
چین نے شاہراہوں پر گاڑیوں کی چارجنگ بڑھانے کا منصوبہ جاری کردیا
بیجنگ (شِنہوا)چینی حکام نے ایک ایکشن پلان جاری کیا ہے جس کے تحت شاہراہوں پر چارجنگ کے بنیادی ڈھانچے کو آسان بنایا جائے گا تاکہ نئی توانائی کے فروغ کو تقویت مل سکے۔یہ منصوبہ وزارت ٹرانسپورٹ، قومی توانائی انتظامیہ ، چین کی ریاستی گرڈ کارپوریشن اور چائنہ سدرن پاور گرڈ نے مشترکہ طور پر جاری کیا ہے۔ منصوبے کے تحت 2022 کے اختتام تک الپائن اور اونچائی والے علاقوں کے سوا ملک بھر میں ایکسپریس وے سروس ایریاز میں نئی توانائی والی گاڑیوں کے لیے بنیادی چارجنگ خدمات فراہم کردی جائیں گی۔مزید بتایا گیا ہے کہ 2023 تک ریاستی اور صوبائی رابطہ شاہراہوں کے سروس ایریاز میں بنیادی چارجنگ خدمات دستیاب ہوں گی۔اس کے ساتھ ایکسپریس ویز، ریاستی اور صوبائی رابطہ شاہراہوں کے سروس ایریاز میں موجودہ اراضی اور پارکنگ کی جگہوں پر چارجنگ کے بنیادی ڈھانچے کی تعمیر اور تزئین و آرائش میں تیزی لانے کی کوششیں بھی کی جائیں گی۔حکومت چارجنگ بنیادی ڈھانچے کی تعمیر میں مالی معاونت کرے گی اور پاور گرڈ ادارے چارجنگ کی صلاحیت یقینی بنانے کے لئے سرمایہ کاری میں اضافہ کریں گے۔
چارجنگ
پاکستا ن میں گزشتہ تین سالوں میں ٹیکسٹائل سیکٹر میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی
اسلام آباد(آئی این پی)پاکستا ن میں گزشتہ تین سالوں میں ٹیکسٹائل سیکٹر میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی، ٹیکسٹائل سیکٹر 25 ارب ڈالر کی اشیا برآمد کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے ،اپٹما کابجلی کا ٹیرف 9 سینٹ فی کلو واٹ فی گھنٹہ کرنے اور ویلیو ایڈڈ ٹیکس پر زیرو ریٹنگ کی بحالی کا مطالبہ۔ویلتھ پاک کی رپورٹ کے مطابق اگر حکومت ملک میں تاجروں اور کپاس کے کاشتکاروں کو سہولت فراہم کرے تو پاکستان متعددممالک کو ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات میں کئی گنا اضافہ کر سکتا ہے۔پنجاب زون کے لیے آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن کے چیئرمین حامد زمان نے کہا کہ ٹیکسٹائل کے شعبے میں بڑی صلاحیت موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹیکسٹائل مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے لیے حکومت کی طرف سے صرف تھوڑی سی مدد کی ضرورت ہے۔پاکستان بیورو آف شماریات کے مطابق جولائی کے مہینے میں ملک سے ٹیکسٹائل کی برآمدات میں 0.67 فیصد اضافہ ہوا۔ حامد زمان نے دعوی کیا کہ ٹیکسٹائل کی برآمدات مذکورہ تناسب سے بہت زیادہ بڑھ سکتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ تین سالوں میں ٹیکسٹائل سیکٹر میں 5 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کی گئی۔ تاہم انہوں نے کہا کہ حکومت اس شعبے کو اپنی ضروریات کے مطابق توانائی فراہم نہیں کر سکی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں کساد بازاری تھی جس نے ترقی کو بھی متاثر کیا جب کہ پاکستان میں شرح سود بھی زیادہ تھی۔حامد زمان نے کہا کہ اپٹما کے وفد نے وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل سے ملاقات کی جس میں اس شعبے کے مسائل پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ ملاقات بہت اچھی رہی اور حکومت ٹیکسٹائل سیکٹر کے مسائل حل کرنے کے لیے تیار ہے۔
5 ارب ڈالر
امریکہ میں متوقع عمر میں کمی
ہورہی ہے، رپورٹ
نیویارک (شِنہوا)امریکہ میں اوسط متوقع عمر میں تقریبا 2 برس کی کمی ہوئی ہے جو وبا سے قبل کے برسوں کے استحکام میں تبدیلی کی نشاندہی کرتی ہے۔یاہو نیوز نے تازہ ترین قومی اہم اعدادوشمار کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا ہے کہ 2019 میں قومی اوسط متوقع عمر کے مقابلے میں 2020 کے دوران 1.8 سال کی کمی ہوئی ہے۔ 2020 تک اوسط امریکی کی متوقع عمر77 برس تھی۔رپورٹ کے مصنفین کے حوالے سے بتایا گیا ہے کہ "متوقع عمر میں کمی کی وجہ نوول کرونا وائرس اور حادثاتی طور پر زائد ادویات کے استعمال سے ہونے والی اموات کو قرار دیا جاسکتا ہے"۔تمام 50 ریاستوں میں سے نیویارک میں 2020 کے دوران اوسط متوقع عمر میں سب سے بڑی تبدیلی دیکھی ہے۔اس ایمپا ئر اسٹیٹ میں ملک میں سب سے زیادہ اوسط متوقع عمر ہوتی تھی تاہم نوول کرونا وائرس کی پہلی لہر نے نیویارک کو خاص طور پر بری طرح متاثر کیا ،اور ریاست کی اوسط متوقع عمر 3 سال گھٹ کر 2019 کے 80.7 برس کے مقابلے میں 2020 میں 77.7 برس رہ گئی۔اقتصادی تعاون و ترقی کی تنظیم کی ایک رپورٹ کے مطابق وبا کے دوران زیادہ ترترقی یافتہ ممالک میں متوقع عمر میں کمی ہوئی ہے اگرچہ امریکہ اس رجحان میں تنہا نہیں ہے تاہم ترقی یافتہ ممالک میں امریکیوں کی متوقع عمر اب بھی سب سے کم ہے۔
رپورٹ