اسلام آباد(نمائندہ خصوصی) ورلڈ فوڈ پروگرام (ڈبلیو ایف پی) کی خصوصی مشیر برائے ماں اور بچے کی غذائیت اور اردن کی شہزادی سارہ زید نے کنٹری ڈائریکٹر ورلڈ فوڈ پروگرام کے ہمراہ آج بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈ کوارٹر کا دورہ کیا۔شہزادی کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے مختلف آپریشنز، اس کے مختلف اقدامات جیسے نیشنل سوشیو اکنامک رجسٹری ، بے نظیر کفالت، بینظیر تعلیمی وظائف، بے نظیر نشوونما اور رجسٹریشن کے عمل سے متعلق بریفنگ دی گئی کہ کس طرح ایک خاندان کا پروگرام میں اندراج کیا جا سکتا ہے تاکہ وہ اس کےدیگر پروگراموں سے مستفید ہوسکے۔ انہیں بتایا گیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے خواجہ سراو¿ں کی رجسٹریشن کے لیے ایک خصوصی طریقہ کار بھی متعارف کرایا ہے اور اگروہ پروگرام کیلئے نااہل قرار دیئے جاتے ہیں تو انہیں پروگرام میں اپنی شمولیت کے لیے اپیل کا حق بھی حاصل ہے۔شہزادی سارہ زید نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی کوششوں اور معاشرے کے پسماندہ طبقے کی بہتری کے لیے اس کے کام کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام بہت اچھا کام کر رہا ہے ۔ انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کو دیگر ممالک کے لیے رول ماڈل قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ سماجی تحفظ کے پروگرام چلانے والے ممالک کو بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تجربات سے سبق سیکھنا چاہیے۔ انہوں نے بچوں بالخصوص لڑکیوں کو تعلیم کی فراہمی میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے کردار کو بھی سراہا جو کہ پاکستان کے 160 اضلاع میں لاگو کیا گیا ہے اور اب تک اس پروگرام میں 8.5 ملین بچوں کا اندراج ہوچکا ہے۔انہیں یہ بھی بتایا گیا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام نے بے نظیر نشوونما پروگرام کے دائرہ کارکو وسیع کردیا ہے جس کا مقصد بچے کی پیدائش کے ابتدائی 1000 ایام کے دوران سٹنٹنگ کے مسئلے کو حل کرنا ہے۔ اس پروگرام کے تحت حاملہ، دودھ پلانے والی خواتین اور ان کے 2 سال سے کم عمر کے بچوں کو 2000 روپے فی سہ ماہی لڑکے کے لیے اور 2500 روپے فی سہ ماہی بچی کے لیےبطور نقد امداد فراہم کی جاتی ہے۔ اس کے بدلے میں مائیں حمل کے دوران صحت اور خصوصی غذائیت سے بھرپور خوراک کے بارے میں باقاعدگی سے آگاہی سیشن میں شرکت کرنے کی پابند ہوتی ہیں۔ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اس پروگرام کے تحت مشروط مالی معاونت کی فراہمی کے لیے ابتدائی 1000 ایام کی مدت کو بڑھا کر 5000 ایام کرنے کا ارادہ رکھتا ہے۔بعدازاں شہزادی سارہ زید نے بے نظیر ون ونڈو سنٹر کا دورہ بھی کیا جہاں انہوں نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی جانب سے ایک چھت تلے فراہم کی جانے والی مختلف سہولیات کا معائنہ کیا۔ ون ونڈو سینٹر میں اپنے دورے کے دوران شہزادی نے بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام سے فائدہ اٹھانے والی خواتین سے بات چیت کی جو پروگرام کے مختلف اقدامات میں اپنی رجسٹریشن سے متعلق مسائل کو حل کرنے کے لیے وہاں آئی تھیں۔
دورہ
ورلڈ فوڈ پروگرام کی خصوصی مشیرکابےنظیر انکم سپورٹ پروگرام ہیڈ کوارٹر کا دورہ
Aug 27, 2022