اسلام آباد (نا مہ نگار)وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ اور تحقیق طارق بشیر چیمہ کی زیر صدارت گندم کی امدادی قیمت پر صوبوں سے مشاورت کے لیے اجلاس ہوا۔کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی)گندم کی امدادی قیمت کا حتمی فیصلہ صوبوں کی جانب سے تجاویز موصول ہونے کے بعد کرے گی۔وفاقی وزیر برائے قومی غذائی تحفظ اور تحقیق طارق بشیر چیمہ نے ہدایت کی کہ گندم کی امدادی قیمت سے متعلق صوبوں کی تجاویز کسانوں کے لیے منافع بخش ہونی چاہئیں۔ گندم کی پیداواری صلاحیت تبھی بہتر ہوگی جب کاشتکار منافع کما سکیں گے۔وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ ا سٹریٹجک ذخائر کےلئے گندم کی درآمد سے ملک کے قیمتی ذرمبادلہ پر غیر ضروری دبا پڑ رہا ہے، اس لیے گندم کی پیداواری صلاحیت اور کاشت کے رقبے کو بڑھایا جائے۔ شرکا نے تخمیہ لگایا کہ گندم کی فصل بوائی سے پہلے منافع بخش گندم کی امدادی قیمت کے اعلان سے درآمدی بل کو تقریبا 1بلین ڈالر کم کیا جا سکتا ہے۔شرکا کا خیال تھا کہ حالیہ سیلاب سے ہونے والی تباہی کی وجہ سے اگلے سیزن کی کاشت کےلئے زمین کی تیاری پر لاگت زیادہ آئے گی۔ وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے کہا کہ منافع بخش امدادی قیمت کسانوں کو ریلیف فراہم کرے گی اور انہیں ان کے نقصانات کا ازالہ کرنے میں مدد ملے گی۔وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ نے بارشوں اور سیلاب سے کسانوں کے نقصان پر دکھ کا اظہار کیا ۔ کسانوں کے لیے یہ مشکل وقت ہے اور سیلاب کے نتیجے میں زراعت تباہ ہو گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزارت قومی غذائی تحفظ اور تحقیق سیلاب متاثرین کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے ہر ممکن کوشش کرے گی۔
طارق بشیر چیمہ
کاشتکار منافع میں ہوگا تبھی گندم کی پیداواری بہتر ہوگی‘ طارق بشیر چیمہ
Aug 27, 2022