ڈائریکٹر جنرل محکمہ موسمیات صاحبزادہ خان سیلابی صورت حال سے متعلق نئےانکشافات سامنے لے آئے۔نجی ٹی وی پر گفتگو میں کہا کہ محکمہ موسمیات نے تین ماہ پہلے ہی غیرمعمولی بارشوں کا الرٹ جاری کردیا تھا۔ڈی جی میٹ نے بتایا کہ ہماری فورکاسٹ تھی کہ اس سال مون سون بارشیں معمول سے زیادہ ہوں گی جب اپریل میں ساؤتھ ایشین فورم میٹنگ ہوئی تھی تو ماہرین نےغیرمعمولی صورتحال سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان سمیت ملک بھر میں مون سون بارشوں کی شدت کے حوالے سے مئی کے پہلے ہفتے میں این ڈی ایم اے، وزیراعظم آفس اور ہر پلیٹ فارم کو آگاہی فراہم کردی گئی تھی۔صاحبزادہ خان کا کہنا تھا کہ سیسکاف رپورٹ پر مئی کے پہلے ہفتے میں ہم نے این ڈی ایم اے اور تمام اداروں کو مطلع کیا جبکہ وزیراعظم آفس کو بھی غیرمعمولی بارشوں کا تین ماہ پہلے ہی بتادیا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ چیف سیکرٹریز، وزرائے اعلی، پی ڈی ایم ایز کو بھی وقت سے پہلے بتا دیا تھا۔
ڈی جی میٹ کاانکشاف:تمام متعلقہ محکموں کو تین ماہ پہلے غیر معمولی بارشوں کا بتادیاتھا
Aug 27, 2022 | 21:26