بجلی کے بلوں میں ہوشربا ٹیکس حکومت کا انتہائی ظالمانہ اقدام :جاوید قصوری

لاہور ( خصوصی نامہ نگار) امیرجماعت اسلامی پنجاب وسطی محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ بجلی کے بلوں میں ہوشربا ٹیکس حکومت کا انتہائی ظالمانہ اقدام ہے۔ بجلی کے بلوں میں غیر معمولی اضافے نے شہریوں کی مشکلات بڑھا دیں ہیں۔ 3 ہزار روپے والا بل 12ہزار اور 10ہزار روپے والا بل 25 ہزار روپے تک عوام کو بھجوائے جارہے ہیں۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے مختلف پروگرامات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ بلوں میں انکم ٹیکس وصول کرنا ڈبل ٹیکس کے زمرے میں آتا ہے۔ ایک بل میں دو دو مرتبہ انکم ٹیکس بھی شامل کیا گیا ہے جس کا کوئی قانونی جواز نہیں، بلوں میں آدر ٹیکس فردر ٹیکس کے ناموں سے ناجائز اور غیر قانونی وصولیاں کی جا رہی ہیں۔ ڈالر کی اونچی اڑان نے ملک میں کاروبار کے حالات شدید مخدوش بنادیئے ہیں۔ ملکی معاشی حالات میں بہتری نہ آنے سے تاجر صنعت کار شدید بحران کا سامنا کرنے پر مجبور ہیں۔ ڈالر کا زور نہ ٹوٹنے سے خام مال اور مصنوعات کی قیمتیں آسمان پر ہیں۔ پاکستانی روپے کی قدر بہتر ہونے سے ملکی معیشت بحران زدہ حالات سے باہر آئے گی۔

ای پیپر دی نیشن