توشہ خانہ کھوکھلا کیس‘ الیکشن کمشن فریق بن چکا‘ آئین کی بات کرتا رہوں گا: لطیف کھوسہ


لاہور (خبر نگار) سابق گورنر پنجاب سردار لطیف کھوسہ نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ توشہ خانہ کیس ایک کھوکھلا کیس ہے جس میں الیکشن کمشن فریق بن چکا ہے۔ اٹک جیل میں بی کلاس کی سہولت موجود نہیں ہے۔ وکلاءکے ساتھ جو رویہ رکھا گیا ہے اب تحریک چلے گی۔ وکلاءتحریک کا آغاز پشاور سے ہوگا۔ جب لفٹ میں بندا ہوا تو کلمہ پڑھ لیا تھا، ایک وقت ایسا تھا جب محسوس ہوا کہ اللہ کو پیارا ہونے لگا ہوں۔ میری پوری فیملی کو ٹارگٹ کیا جا چکا ہے مگر میں آئین کی بات کرتا رہوں گا۔ آج جو پیپلز پارٹی الیکشن کا مطالبہ کر رہی ہے یہی ہمارا مطالبہ تھا، جنہوں نے مجھ پر اور اعتزاز پر تنقیدکی انہیں بلاول نے شٹ اپ کال دی، کل سی ای سی میٹنگ میں مجھ پر اور اعتزاز احسن پر تنقید کی گئی۔ ہمیشہ آئین اور جمہوریت کی بات کی، پہلے پاکستان بعد میں کوئی اور سیاسی جماعت ہے۔ بے نظیر کے تینوں بچوں کا مختار خاص میں ہوں، 16 مہینوں میں انہوں نے معیشت کو تباہ کر دیا ہے۔ جدہ سے فنانس منسٹر کو لائے تھے کہ ڈالر 200 سے نیچے لے آئے گا اب دیکھیں کیا حالت ہوگئی ہے۔ مہنگائی کے باعث لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں، آج ہر کوئی پاکستان چھوڑنے کو ترجیح دے رہا ہے، ڈالر 315 روپے تک پہنچ چکا ہے، پٹرول 300 کراس کر رہا ہے۔
لطیف کھوسہ 

ای پیپر دی نیشن