لاہور( این این آئی)قومی احتساب بیورو کے چیئر مین لیفٹیننٹ جنرل (ر)نذیر احمد کی اوپن ڈور پالیسی پر عملدرآمد جاری رکھتے ہوئے نیب لاہورکے ڈائریکٹر جنرل امجد مجید اولکھ کی نگرانی میں تیسری ماہانہ کھلی کچہری کا انعقاد کیا گیا۔ کھلی کچہری میں ہاﺅسنگ سیکٹر کے سینکڑوں متاثرین نے داد رسی کیلئے شرکت کی اور اپنے مسائل و شکایات سے ڈی جی نیب لاہور کو آگاہ کیا۔ دادرسی کیلئے آنے والے سائلین میںمختلف ہاﺅسنگ سوسائٹیز میںکے متاثرین شامل تھے۔ کھلی کچہری میں موجود تمام سائلین کو ڈی جی نیب لاہور نے ازخود سنا اور ان کی شکایات پر موقع پر ہی کارروائی کے احکامات جاری کیے۔ ڈی جی نیب لاہور امجد مجید اولکھ نے پاک عرب ہاﺅسنگ سکیم کے متاثرین کویقین دہانی کرواتے ہوئے کہاکہ معزز عدلیہ کی جانب سے 6 ماہ کے عرصہ میں تمام متاثرین کو رقوم واپسی کے احکامات جاری کئے گئے ہیں جن پر نیب لاہور کی تفتیشی ٹیم عملدرآمد ممکن بنا رہی ہے۔ ابتدائی طور پر نیب لاہور نے ملزمان کی ملکیتی بیش قیمت جائیدادیں فروخت کرکے خاطر خواہ رقم برآمد کروالی ہے تاہم ملزمان سے عنقریب بڑی مالیت کی ریکوری مکمل کر لی جائے گی۔ماڈل ہاﺅسنگ انکلیو کے متاثرین سے گفتگو میں ڈی جی نیب لاہور نے کہا کہ نیب لاہور ملزمان سے 44کروڑ کی ریکوری ممکن بنا چکا ہے جس کی عنقریب تقسیم کا آغاز بھی کیا جا رہا ہے جبکہ نیب لاہور مذکورہ کیس میں اس سے قبل 2ارب سے زائد مالیت کی ریکوری کرکے مکمل رقم متاثرین کے حوالہ کر چکا ہے۔ میٹرو سٹی(الرحیم گارڈن)کے متاثرین کی شکایات موصول کرتے ہوئے ڈی جی نیب لاہور نے نیب ٹیم کو برق رفتاری سے ابتدائی اقدامات مکمل کرتے ہوئے کلیمز پر باقاعدہ پیش رفت کے احکامات جاری کئے۔ ڈی جی نیب لاہورنے کہا کہ نیب اپنے مینڈیٹ کے مطابق اقدامات سرانجام دینے کیلئے کوشاں ہے۔ کھلی کچہری میں پیش ہونے والے متاثرین کی شکایات کو اپنی نگرانی میں ترجیہی بنیادوں پر حل کرنے کیلئے تمام ممکن اقدامات اٹھا رہے ہیں۔
ڈی جی نیب
ماڈل ہاﺅسنگ انکلیو کے متاثرین میں جلد44 کروڑ تقسیم کئے جائیں گے، ڈی جی نیب لاہور
Aug 27, 2023