لندن(نیٹ نیوز) برٹش میوزیم کے ڈائریکٹر ہارٹ وِگ فشر نے نوادرات کے چوری کے بعد اپنے عہدے سے استعفیٰ دیدیا ہے۔ عالمی میڈیا رپورٹس کے مطابق برطانیہ کے معروف میوزیم جو لندن میں سیاحوں کی توجہ کا مرکز ہے، کو دو سال قبل قیمتی نوادرات کی ممکنہ چوری یا گمشدگی سے آگاہ کیا گیا تھا جب ایک آرٹ مورخ نے آن لائن فروخت کے لیے پیش کی جانے والی اشیا کے بارے میں خدشات کا اظہار کیا۔ میوزیم نے گزشتہ ہفتے تصدیق کی میوزیم کے سٹور روم سے 15ویں صدی قبل مسیح سے لے کر 19ویں صدی عیسوی تک کے سونے کے زیورات اور جواہرات سمیت اشیا کا ایک مجموعہ غائب ہونے کے بعد عملے کے ایک رکن کو بھی برخاست کر دیا گیا تھا۔ جرمن آرٹ کے مورخ اور میوزیم کے ڈائریکٹر جو 2016 سے ادارے کی قیادت کر رہے تھے، نے تسلیم کیا نوادرات کی ذمہ داری ان کی تھی اور اس سے متعلق کوتاہیوں کو قبول کرتے ہیں۔ مستعفی ہوتے وقت انہوں نے کہا کہ غلطی کی حتمی ذمہ داری ڈائریکٹر پر عائد ہوتی ہے۔