جڑانوالہ (نمائندہ نوائے وقت) توہین قرآن و رسالت کے خلاف وکلاء کی کال پر شٹر ڈائون ہڑتال، کاروباری و تجارتی مراکز، مارکیٹس، پٹرول پمپس اور پرائیویٹ سکولز بند، پولیس کی بھاری نفری طلب، جڑانوالہ میں توہین قرآن و توہین رسالت کے افسوسناک واقعے کے خلاف بار ایسوسی ایشن اور جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی کال پر تاجر تنظیموں نے شٹر ڈاؤن ہڑتال کی۔ تمام کاروباری و تجارتی مراکز اور مارکیٹیں اور پٹرول پمپس بند رہے۔ وکلاء نے چیمبرز بھی بند رکھے۔ ہڑتال کے باعث معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گئے۔ صدر بار ایسوسی ایشن ملک خضر حیات کھوکھر ایڈووکیٹ، جنرل سیکرٹری چوہدری عاشق حسین گجر ایڈووکیٹ اور تاجر برادری نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ توہین قرآن و توہین رسالت کے واقعہ میں ملوث افراد کو قرار واقعی سزا دی جائے جبکہ بے گناہ افراد کی پکڑ دھکڑ کا سلسلہ بند کیا جائے۔ پولیس گرفتاریوں کی آڑ میں چادر چار دیواری کا تقدس پامال کر رہی ہے۔ انتظامیہ کی جانب سے کسی بھی ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پولیس کی بھاری نفری طلب کی گئی ہے۔