گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) ماں کا دودھ بچے کیلئے بہترین غذا اور بیماریوں کیخلاف قوت مدافعت بڑھانے کا بہترین ذریعہ ہے‘ نوزائیدہ بچوں میں بڑھتی بیماریوں اور دیگر مسائل کا ایک سبب بازاری دودھ کا بے جا استعمال ہے‘ ضرورت اس امر کی ہے کہ خواتین میں ماں کے دودھ کی افادیت بارے شعور و آگاہی پیدا کی جائے تاکہ ایک صحتمند معاشرے کی تشکیل ممکن ہوسکے۔ ان خیالات کا اظہارڈی سی آئی آر ایم این سی ایچ ڈاکٹر فریحہ اکرم نے بنیادی مرکز صحت اٹاوہ میں ورلڈ بریسٹ فیڈنگ ویک کے سلسلہ میں منعقدہ اجلاس اور واک سے خطاب کرتے ہوئے کیا،ڈاکٹر فریحہ اکرم نے کہاکہ معاشرہ اور گھر کے افراد ان ماؤں کیلئے بچوں کو دودھ پلانے اور ان کی اپنی صحت کی بہتری برقراررکھنے میں آسانی اور مدد کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔ انہوں نے کہا کہ ملازمت پیشہ اور کام کرنے والی مائیں دہری ذمہ داری سے نبرد آزما ہوتی ہیں لہٰذا ان سے وابستہ دیگر لوگ ان کیلئے زیادہ سے زیادہ ریلیف مہیا کریں تاکہ وہ اپنی صحت کو برقرار رکھتے ہوئے بچوں کو اپنا دودھ پلانے کے قابل ہوسکیں۔