دنیا بھر سے انسانی حقوق کی تنظیموں نے بھارتی حکومت کے سامنے کشمیر میں ہونے والی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کیلئے آواز اٹھانے کیلئے جی 20 ممالک کو مشترکہ خط لکھ دیا۔ایمنسٹی انٹرنیشنل میں متعدد انسانی حقوق کی تنظیموں کی جانب سے جی 20 ممالک کو لکھے مشترکہ خط میں کہا گیا ہے بھارت کی جانب سے غیر قانونی طور پر کشمیر کی خصوصی حیثیت کو منسوخ کیے چار سال مکمل ہو چکے ہیں تاہم آج تک مقبوضہ کشمیر میں آزادی رائے، صحافت اور پرامن اسمبلی پر پابندی قائم ہے۔خط میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارت نے کشمیریوں پر ظلم کرنے والے فوجی اور پولیس اہلکاروں کے خلاف کوئی کاروائی نہیں کی۔انسانی حقوق کی تنظیموں نے اپنے مشترکہ خط میں لکھا کہ بھارت نے کشمیر میں بے بنیاد مقدمات میں پھنسا کر بے شمار صحافیوں اور انسانی حقوق کے رضاکاروں کو جیل میں بند کیا ہوا ہے۔خط میں جی 20 ممالک سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ بین الاقوامی قانون کے تحت ان مسائل کو بھارتی حکومت کے ساتھ اٹھایا جائے۔