چینی  بری فوجی سربراہ کی وزیراعظم، آرمی چیف سے ملاقاتیں : سٹریٹجک شراکت داری بڑھانے پر اتفاق 

اسلام آباد (خبرنگار خصوصی) پیپلز لبریشن آرمی (پی ایل اے) کی بری افواج کے کمانڈر جنرل لی چیاؤمنگ نے گزشتہ روز جنرل ہیڈ کوارٹرز میں چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر سے ملاقات کی۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی، فوجی تربیت اور دوطرفہ دفاعی تعاون کو مزید بڑھانے کے اقدامات پر بات چیت کی گئی۔ جنرل عاصم منیر نے پاک فوج اور پیپلز لبریشن آرمی کے درمیان مضبوط تعلقات پر زور دیا اور دونوں ممالک کے درمیان پائیدار بھائی چارے کے ثبوت کے طور پر جاری دوطرفہ فوجی تعاون کو اجاگر کیا۔ معزز مہمان نے پاک فوج کی غیر متزلزل پیشہ ورانہ مہارت اور لگن کو تسلیم کرتے ہوئے دہشت گردی اور انتہا پسندی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مشترکہ کوششوں کی تعریف کی۔ آرمی چیف نے معزز مہمان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ پاکستان چین کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو دل کی گہرائیوں سے قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ قبل ازیں جنرل ہیڈ کوارٹرز پہنچنے پر جنرل لی چیائومنگ نے یادگار شہداء پر پھولوں کی چادر چڑھائی اور پاک فوج کے چاق و چوبند دستے نے انہیں گارڈ آف آنر پیش کیا۔ ادھر جنرل لی چیاؤ منگ نے گزشتہ روز اسلام آباد میں وزیراعظم محمد شہباز شریف سے ملاقات کی۔ وزیر اعظم نے پاکستان آمد پر جنرل لی کا خیرمقدم کیا۔ جنرل لی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا پاکستان اور چین کے درمیان دہائیوں پر محیط سٹرٹیجک تعلقات ہیں اور دونوں ممالک قابل اعتماد دوست ہیں۔ وزیراعظم نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان برادرانہ تعلقات کو پاکستان میں وسیع عوامی، سیاسی اور ادارہ جاتی حمایت حاصل ہے جو دونوں ممالک کی ترقی کے لئے ضروری ہے۔ وزیراعظم نے عسکری سطح پر تبادلوں پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان دفاعی اور سٹرٹیجک  تعلقات خطے میں امن و استحکام کے لیے ناگزیر ہیں۔ جنرل لی نے وزیراعظم سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چین آہنی بھائی، سٹرٹیجک پارٹنر اور قابل اعتماد دوست کی حیثیت سے پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو سب سے زیادہ ترجیح دیتا ہے۔ انہوں نے چین اور پاکستان کی  دوطرفہ دوستی کو تعاون اور اشتراک کی نئی سطحوں تک بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔ علاقائی امن و استحکام کو فروغ دینے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہتے ہوئے جنرل لی نے دونوں مسلح افواج کی صلاحیتوں کو بڑھانے کے لیے پاکستان کے ساتھ اپنے تعاون کو مزید وسعت دینے کے لیے پیپلز لبریشن آرمی کے عزم کا اعادہ کیا۔ دونوں فریقین نے پاک چین دوستی کے مختلف پہلوؤں بالخصوص دوطرفہ دفاعی اور سٹرٹیجک شراکت داری کو مزید بڑھانے پر اتفاق کیا۔

ای پیپر دی نیشن