جادو کی چھٹری نہیں لیکن کرکٹ تجیک کرکے جائو نگا: بلوچستان میں دہشتگردی کے کرداروں کو بے نقاب کرینگے : محسن نقوی 

Aug 27, 2024

اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا ہے کہ بلوچستان میں دہشتگرد حملوں کا بھرپور طریقے سے جواب دیں گے۔ دہشتگرد حملے میں 14 جوان بھی شہید ہوئے۔ دہشتگردوں کا پورا بندوبست ہو گا۔ سکیورٹی فورسز نے 21 دہشتگردوں کو ہلاک کیا۔ وزیراعلیٰ بلوچستان ٹھیک کہتے ہیں یہ ناراض لوگ ہیں، دہشتگرد ہیں، دہشتگردوں کے عزائم کچھ اور تھے جن نوجوانوں نے ناکام بنایا، دہشتگردوں سے کوئی بات نہیں ہو گی۔ انتخابات میں نے نہیں الیکشن کمشن نے کروائے تھے۔ میں نے صرف معاونت کی تھی میں کرکٹ کو ٹھیک کر کے جاؤں گا، کسی کی خواہش پر نہیں جاؤں گا۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کا برا حال آج سے نہیں ہے۔ تین سال سے یہی صورتحال ہے، بلوچستان کو غیر مستحکم کرنے والے کئی کردار ہیں۔ ان کو بے نقاب کریں گے، بلوچستان حکومت کے ساتھ رابطے میں ہیں، ان کی ضروریات کو پورا کیا جائے گا۔ اتوار کے روز اسسٹنٹ کمشنر قلات پر بھی فائرنگ کی گئی تھی لیکن اللہ نے انہیں بچا لیا، یہ حملے ہماری انٹیلی جنس کی کوئی ناکامی نہیں، کچے کے علاقے میں کارروائی کیلئے سندھ اور پنجاب حکومت کو آن بورڈ کر لیا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ بلوچستان کے حالات خراب کرنے میں بیرونی عناصر موجود ہیں جن کی خواہش ہے کہ بلوچستان عدم استحکام کا شکار ہو، یہ حملہ ایک دم سے نہیں ہوا یہ باقاعدہ منصوبہ بندی سے ہوا ہے۔ یہ ہماری ایجنسی کی کوئی ناکامی نہیں ہے، پاکستان میں جو دہشت گردی ہو رہی ہے اس میں کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) شامل ہے، جو گزشتہ روز واقعات ہوئے ہیں اس میں کچھ اور قوتیں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ٹی ٹی پی نے اپنا سارا کا سارا ہیڈکوارٹر افغانستان میں رکھا ہے، اس میں بہت سارے لوگ شامل ہیں جن کو ہم نے خود چھوڑا تھا، جو لوگ ہم نے چھوڑے تھے وہی آج دہشت گردی کر رہے ہیں۔ 12 ستمبر سے فیصل آباد میں شروع ہونے والے چیمپئنز کپ کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس کپ میں مینٹورز رکھنے سے فائدہ حاصل ہو گا۔ اگر ہم سرجری کی بات کرتے تھے تو وہ اس لیے کرتے تھے کہ جہاں ہمارے مسائل ہوں ان کو ٹھیک کیا جائے۔ چیئرمین پی سی بی کا کہنا تھا کہ چیمپئنز کپ سے ہمارے پاس بہت زبردست ٹیلنٹ آئے گا۔ بنگلہ دیش سے شکست بہت مایوس کن ہے، سلیکشن کمیٹی نے 17 کھلاڑی دے دئیے تھے، اب اگر کوچ اور کپتان نہیں کھلاتے تو وہ ان کا فیصلہ ہے تو میں اس پر کچھ نہیں کہہ سکتا۔کراچی کی سکیورٹی کی وجہ سے کنسٹرکشن اور میچ ایک ساتھ نہیں ہو سکتا۔ کراچی میں میچ کی تاریخ میرے عہدہ حاصل کرنے سے پہلے طے کی گئی تھی۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے کہا جب سے عہدہ سنبھالا ہے کچھ لوگوں کی خواہش ہے میں چلا جاؤں، ایسے نہیں بلکہ کرکٹ کو ٹھیک کر کے ہی جاؤں گا۔ میرے پاس کوئی جادو کی چھڑی نہیں ہے بنگلہ دیش سے شکست بہت مایوس کن ہے۔ پچ کی رپورٹ طلب کی ہے کل تک آ جائے گی۔ پاکستان کی ٹیم کا یہ حال آج سے نہیں کرکٹ ٹیم کی کارکردگی خراب ہے اسے بہتر کریں گے، چیزوں کو بہتر کریں گے، پوری امید ہے اچھے نتائج آئیں گے۔ 

مزیدخبریں