لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے مری سے لاہور پہنچتے ہی پرائس کنٹرول پر خصوصی اجلاس طلب کر لیا۔ اشیاء ضروریہ کے نرخ پر بریفنگ میں آگاہ کیا گیا کہ پاکستان ادارہ شماریات کی رپورٹ کے مطابق پنجاب میں ضروری اشیاء خورد و نوش کے نرخ تمام دوسرے صوبوں کی نسبت سب سے کم ہیں۔ وزیر اعلیٰ نے صوبے میں پرائس کنٹرول پر اظہار اطمینان کیا اور انتظامی کاوشوں کو سراہا۔ صوبہ بھر میں روٹی کی مقررہ نرخ پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ مریم نواز نے ہر ضلع میں اشیائے خوردو نوش کے نرخ کا الگ الگ جائزہ لیا۔ وزیر اعلیٰ نے روٹی اور آٹا کے نرخ بھی معلوم کیے۔ وزیر اعلیٰ نے کہا کہ کسی بھی شہر میں روٹی مقررہ نرخ سے زائد پر فروخت کرنے کی ہرگز اجازت نہ دی جائے۔ صوبہ بھر کی عوام کو کنٹرولڈ ریٹ پر آٹا فراہم کیا جائے۔ علاوہ ازیں مریم نوازشریف نے حضرت داتا گنج بخش علی بن عثمان الہجویریؒ کی دینی و روحانی خدمات کو حرف عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ حضرت داتا گنج بخشؒ نے محبت، احترام، امن اور رواداری کا پیغام عام کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے علی بن عثمان الہجویریؒکے 981 ویں عرس کے انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔ اور عقیدت مندوں کی بہترین میزبانی یقینی بنانے اور زائرین کیلئے بہتر سے بہترین انتظامات کی ہدایت کی ہے۔ دوسری جانب مریم نواز شریف کے وژن ڈیجیٹل پنجاب کے تحت، وزیر اعلیٰ کی ہدایت پر لاہور ڈیویلپمنٹ اتھارٹی میں آن لائن رہائشی بلڈنگ پلان کی منظوری کا آغاز کردیا۔ شہری ایل ڈی اے سے گھر بیٹھے آن لائن رہائشی نقشوں کی منظوری کرا سکتے ہیں۔ نقشے کی منظوری کی درخواست، نقشہ اپ لوڈ، پراسسنگ، چالان سب آن لائن ہو گا۔ اعتراض کی صورت میں درستگی اور منظور شدہ نقشہ ڈائون لوڈ کیا جا سکے گا۔ رہائشی بلڈنگ پلان کی منظوری کے لیے شہریوں کو اب ایل ڈی اے دفتر آنے کی ضرورت نہیں۔ شہری ایل ڈی اے موبائل ایپ اور ویب سائٹ lda. Gop. Pk پر جا کر اپلائی کر سکتے ہیں۔ وزیراعلی نے کہاکہ ایل ڈی اے میں ڈیجیٹل ریفارمز کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے۔ پنجاب بھر کے اداروں کو ماڈرن لائنز پر ڈیجیٹلائز بنا رہے ہیں۔ شہریوں کو طویل قطاروں میں کھڑے ہو کر انتظار نہیں کرنا پڑے گا۔ دستک پائلٹ پراجیکٹ کے بہترین رزلٹ مل رہے ہیں، بتدریج دائرہ کار کو وسعت دیں گے۔ سرکاری محکموں میں فائل کلچر کو ختم کر رہے ہیں۔ آئی ٹی بیسڈ ریفارمز سے شہریوں کو ایجنٹ مافیا اور کرپشن سے نجات ملے گی۔ علاوہ ازیں مریم نواز شریف نے بلوچستان کے علاقہ موسیٰ خیل میں 23 بے گناہ افراد کے قتل، قلات میں دہشتگردوں کے حملے کی شدید مذمت کی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے شہید لیویز پولیس اہلکاروں اور شہریوں کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔