وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے بیلاروس کے سفیر کی ملاقات‘دوطرفہ تعاون پر گفتگو 

Aug 27, 2024

لاہور (نیوز رپورٹر) پاکستان میں بیلا روس کے سفیر آندرے میٹیلیسا نے وفاقی وزیر نجکاری، سرمایہ کاری بورڈ اور مواصلات عبدالعلیم خان سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مختلف شعبوں میں دو طرفہ تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔آندرے میٹیلیسا نے آئندہ ماہ ستمبر میں بیلاروس کے''ٹرانسپورٹ ویک'' میں پاکستان سے نمائندگی پر بات چیت کی اورعبدالعلیم خان کو شرکت کی دعوت دی۔ سفیر نے روس، کاغزستان اور ازبکستان کے ساتھ ٹرانسپورٹ کے" جوائنٹ میمورنڈم "میں پاکستان کی شمولیت و دیگر معاملات پر گفتگو کی۔ ملاقات میں مواصلات اور ٹرانسپورٹ کے شعبوں میں مشترکہ منصوبوں پر تبادلہ خیال ہوااور پہلے سے موجوددو طرفہ تعلقات میں اضافے کے امکانات کا جائزہ لیا گیا۔وفاقی وزیر عبدالعلیم خان نے کہا پاکستان اور بیلاروس کے مابین باہمی تعلقات بالخصوص تجارتی امور میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے،ضرورت اس امر کی ہے کہ افغانستان، چین اور وسط ایشیائی ریاستوں سے مشرقی یورپ تک شاہراہوں کے ذریعے رسائی حاصل ہو۔  آندرے میٹلیسا نے کہا پاکستان کے لوگ ملنسار جبکہ سبزیاں اور پھل شاندار ہیں۔

مزیدخبریں