سلو اوور ریٹ ،پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 6 پوائنٹس سے محروم 

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پنڈی ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ کی وجہ سے پاکستان کے ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 6 پوائنٹس کم ہوگئے۔ آئی سی سی کے مطابق راولپنڈی ٹیسٹ کے دوران پاکستان کو6 اوورز کم ہونے پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 6 پوائنٹس سے محروم ہونا پڑا ہے جبکہ میچ فیس کا 30 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔ بنگلا دیش کو بھی سلو اوور ریٹ پر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں 3 پوائنٹس سے محروم کر دیا گیا جبکہ میچ فیس کا 15 فیصد جرمانہ عائد کیا گیا۔ بنگلادیش کے 3 اوورز کم پائے گئے۔ پاکستان کے کپتان شان مسعود اور بنگلادیشی کپتان نجم الحسین شانتو نے مجوزہ سزا کو قبول کر لیا ہے۔ واضح رہے کہ پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ سٹینڈنگ میں آٹھویں نمبر پر برقرار ہے جبکہ 3 پوائنٹس کم ہونے کی وجہ سے بنگلا دیش پانچویں پوزیشن سے ساتویں نمبر پر آگیا۔

ای پیپر دی نیشن