سرینگر(این این آئی) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کہا ہے کہ جو کوئی بھی بھارتی مظالم کے خلاف آواز اٹھاتا ہے اور تنازعہ کشمیر کے پرامن حل کی وکالت کرتا ہے، اسے بھارتی حکام جیلوں میں ڈال دیتے ہیں۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی مظالم کشمیریوں کو اپنے مقصد سے دستبردارہونے پر مجبور نہیں کرسکتے۔ترجمان نے دو روز قبل ضلع بارہمولہ کے علاقے وترگام میں بھارتی پیراملٹری فورسز کے ہاتھوں ایک جعلی مقابلے میں سرینگر کے ایک نوجوان کے قتل کی مذمت کی اور شہید نوجوان کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔جبکہ ضلع کپواڑہ کے علاقے کرالہ گنڈمیں پینے کے پانی کی شدید قلت ہے اور علاقہ مکین مقامی ندی کا آلودہ پانی استعمال کرنے پر مجبور ہیں۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق تحصیل ہیڈکوارٹر کرالہ گنڈ سے محض چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع دیہات گزشتہ کئی سالوں سے پانی کی شدید قلت کا شکار ہیں، تاہم حکام بارہا درخواستوں کے باوجود کوئی ٹھوس اقدام کرنے میں ناکام رہے۔دوسری جانب سول سوسائٹی کے ارکان نے خطے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی مودی حکومت کی سازشوں پر گہری تشویش کااظہارکرتے ہوئے اسے علاقے کے مسلم اکثریتی تشخص کے لئے شدید خطرہ قراردیا ہے۔سول سوسائٹی ارکان نے کہاکہ کشمیری مقبوضہ جموں وکشمیر میںآبادی کا تناسب تبدیل کرنے کی مودی کی سازشوں کی مزاحمت کریں گے۔
مقبوضہ کشمیر : بھارتی مظالم کیخلاف بات کرنے پر کشمیریوں کو جیلوں میں ڈالاجارہا حریت کانفرنس
Aug 27, 2024