لاہور(کامرس رپورٹر) آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) اور جرمن درآمد کنندگان کے وفد نے دوطرفہ تجارتی توسیع کے فروغ کیلئے پائیدار رپورٹنگ بڑھانے پر اتفاق کیاہے۔جرمن وفد کی سربراہی ڈاکٹر مائیکل نے کی جبکہ اپٹما نارتھ کے چیئرمین کامران ارشد نے دیگر عہدیداروں کے ہمراہ انکا استقبال کیا۔ جرمن وفد کے دورے کا مقصد ٹیکسٹائل کے شعبے میں تعاون اور ہم آہنگی کے مواقع تلاش کرنا ہے۔کامران ارشد نے تجارت اور سرمایہ کاری کو بڑھانے کیلئے پاکستان اور جرمنی کے درمیان 45 ملین یورو کے تکنیکی تعاون کے معاہدے کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے باہمی صلاحیت کے فروغ، EU ڈیجیٹل پروڈکٹ پاسپورٹ کی تربیت اور EU گرین ڈیل کے ضوابط کی واقفیت پر بھی زور دیا۔انہوں نے امید ظاہر کی کہ یورپی یونین کی جانب سے جی ایس پی پلس میں مزید 10 سال کی توسیع سے پاکستان کو معاشی فوائد حاصل ہوں گے۔