چہلم حضرت امام حسینؓ کے سکیورٹی انتظامات، آئی جی خود فیلڈ میں موجودرہے 

لاہور(نامہ نگار) انسپکٹر جنرل پولیس پنجاب ڈاکٹر عثمان انور چہلم حضرت امام حسینؓکے جلوسوں اور مجالس کے سکیورٹی انتظامات کی چیکنگ کیلئے خود فیلڈ میں موجود رہے۔ آئی جی نے لاہور اور ملتان میں مرکزی عزاداری جلوس کے روٹ کا دورہ کیا اور سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ آئی جی پنجاب امام بارگاہ کربلا گامے شاہ پہنچے، داخلی گیٹ پر تعینات پولیس افسران و جوانوں سے ملاقات کی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور محمد فیصل کامران، ایس ایس پی آپریشنز لاہور تصور اقبال اور ایس پی سکیورٹی عبدالوہاب سمیت سینئر افسران ہمراہ تھے۔ ڈاکٹر عثمان انور نے مرکزی عزاداری جلوس کے روٹ، مختلف پوائنٹس پر تعینات جوانوں کو الرٹ ہو کر ڈیوٹی کرنے کی ہدایت کی۔حالیہ واقعات کے تناظر میں سکیورٹی کے سخت انتظامات، سی سی ٹی وی کیمروں سے مانیٹرنگ یقینی بنائی گئی۔ ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے آئی جی پنجاب کو چہلم حضرت امام حسینؓ کے عزاداری جلوس کے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔آئی جی پنجاب نے سکیورٹی پر مامور پولیس اہلکاروں کی حوصلہ افزائی اور ان کی خدمات کو سراہا۔ڈاکٹر عثمان انور نے امن کمیٹی کے ارکان، عزاداروں سے ملاقات کی۔

ای پیپر دی نیشن