پنجاب پولیس کا بجلی چوروں  کیخلاف کریک ڈاؤن تیز، 70 ہزار 705 مقدمات درج

لاہور(نامہ نگار) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایت پرپنجاب پولیس کا لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوروں کیخلاف کریک ڈاؤن مزید تیز کیا گیا ہے۔ آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے کہا پولیس ٹیمیں بجلی چوری کیخلاف کریک ڈاؤن میں الیکٹرسٹی کمپنیوں کو بھرپور سپورٹ فراہم کر رہی ہیں۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہا رواں سال یکم جنوری سے لاہور سمیت صوبہ بھر میں بجلی چوری میں ملوث 38 ہزار 786 ملزمان گرفتار کئے گئے۔ بجلی چوری کرنیوالے ملزمان کیخلاف 70 ہزار 705 مقدمات درج کئے گئے۔ بجلی چوری کے 46 ہزار 463  مقدمات کے چالان مکمل کرکے جمع کروائے گئے۔ ترجمان پنجاب پولیس نے کہا صوبائی دارالحکومت لاہور میں 20457 بجلی چور گرفتار کئے گئے۔ 20775  مقدمات درج کئے گئے۔ لاہور میں 6506 مقدمات کے چالان جمع کروائے گئے۔آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انورنے بجلی چوری مقدمات میں چالاننگ کی شرح کو مزید بہتر بنانے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا بجلی چوری مقدمات کے زیادہ سے زیادہ اشتہاریوں کو گرفتار کیا جائے۔ ریکوری کی شرح کو بہتر بنایا جائے۔بجلی چوری مقدمات کا بلا تاخیر اندراج کرتے ہوئے متعلقہ کمپنیوں کے اشتراک سے سخت لائحہ عمل اپنایا جائے۔ قومی خزانے کو نقصان پہنچانے والے ملزمان کیخلاف زیرو ٹالرنس کاروائیاں جاری رکھی جائیں۔

ای پیپر دی نیشن