لاہور (نیوز رپورٹر) وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی جانب سے بجلی کے بلوں میں ریلیف ملنا شروع ہوگیا ہے۔ یہ پنجاب کے لوگوں کے لئے بہت بڑی خوشخبری ہے۔ مریم نواز نے ثابت کردیا ہے کہ ‘‘جہاں چاہ وہاں راہ۔ مریم نواز نے پنجاب کے عوام سے جو وعدہ کیا وہ پورا کر دیا ہے۔ مخالفین الزام تراشی اور جھوٹ کی سیاست کر رہے ہیں جبکہ مریم نواز خدمت کی سیاست کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میاں نواز شریف نے چند دن قبل پریس کانفرنس میں پنجاب کے عوام کو بجلی کے بلوں میں 14 روپے ریلیف کا جو اعلان کیا تھا اب اس پر باقاعدہ عملدرآمد شروع ہو چکا ہے۔200 یونٹس سے لے کر 500 یونٹس تک استعمال کرنے والے صارفین کو یہ ریلیف ملے گا۔ مریم نواز کا مشن ہے کہ وہ مشکل ترین ملکی معاشی حالات میں جس قدر ممکن ہو سکے اپنے صوبے کی عوام کو ریلیف دیں۔ باقی صوبے عوامی مفاد کے منصوبوں پر سیاست کرنے کی بجائے عوام کی خدمت کریں۔
بجلی بلوں میں ریلیف ملنا شروع، مریم نواز نے وعدہ پورا کر دیا: عظمیٰ بخاری
Aug 27, 2024