ایئر پورٹس اتھارٹی کے ویلفیئر لون کے حوالے سے مراسلہ پر سٹاف کو تحفظات 

راولپنڈی (اکمل شہزاد سے)پاکستان ایئر پورٹس اتھارٹی کی جانب سے ویلفیئر لون کے حوالے سے جاری کیئے جانے والے مراسلہ نے سٹاف میں بے چینی پیدا کر دی، ملازمین کی جانب سے مراسلے پر تحفظات سامنے آنے لگے، اطلاع کے مطابق ڈاریکٹر ایچ آرکی طرف سے ویلفیئر فنڈز میں لون کے حوالے سے نئی پالیسی کا اعلان کیا گیا جس میںگریڈ ایک سے چار تک کے ملازمین ڈیڑھ لاکھ تک لون لے سکتا ہے اور ہر لوکیشن میں ماہانہ صرف پانچ افراد کو ہی لون مل سکے گااور ایک ملازم سروس کے دوران صرف تین دفعہ اس لون کے لئے اپلائی کر سکے گا اور اپنے پہلے لون کے ادا کرنے کے ایک سال بعد دوسرے لون کیلئے اپلائی کر سکے گا، ملازمین کے مطابق یہ فنڈصرف اور صر ف ملازمین کا ہے سول ایوی ایشن کی جانب سے اس میں کسی قسم کی رقم شامل نہیں کی جاتی، ہر لوکیشن پر ایک کمیٹی قائم ہے جس کا چیئرمین اے پی ایم ہے سب سے پہلے گریڈ پانچ سے گیارہ تک کے ملازمین کو بلاوجہ اس سے نکالا گیا، اس وقت اسلام آباد ایئر پورٹ کے ویلیفیئر فنڈ میں 60لاکھ کے قریب رقم موجود ہے جس میں سے ہمیشہ پچاس فیصد رقم کمیٹی کی سفارشات پر اے پی ایم کی منظوری کے بعدسٹاف کو دی جاتی ہے،ہر لوکیشن پر فنڈز کی موجودگی کے مطابق ہی سٹاف کو لون دیا جاتا ہے، اس مراسلہ کے مطابق ماہانہ صرف سات لاکھ پچاس ہزار روپے ہی پانچ ملازمین کو دیئے جائیں گے بقیہ رقم ویلیفئر کے لئے استعمال نہ ہوسکے گی جس سے ویلیفیئر فنڈکے قیام کا مقصد ہی فوت ہو جائے گا، صرف اسلام آباد لوکیشن پر 25سے 30افراد مستفید ہو سکتے ہیں اور اس کی ریکوری آج تک سوفیصد ہے اور ملازمین کو اس کے اپنے ہی فنڈ سے محروم رکھا جا رہا ہے، ایچ آر کی جانب سے اس قسم کا مراسلہ جاری کرنے کا کوئی جواز نہیں بنتا یہ صرف اور صرف ملازمین کو ان کے حق سے محروم کرنے اور پریشان کرنے کیلئے اقدام اٹھا یا گیا ہے،اس حوالے سے سول ایوی ایشن میں موجود دو ملازمین کی یونینز موجود ہیں کسی سے بھی مشاورت نہیں کی گئی، اس پر بھی تحفظات موجود ہیں ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق سول ایوی ایشن نے ویلفیئر فنڈ کو نیشنل لائز کرکے ڈسپلن میں لایا ہے، پہلے پانچ چھ بیسک تنخواہ یعنی چار پانچ لاکھ روپے بن جاتے تھے اس لیے ڈیڑھ لاکھ تک محدود کیا گیا، یہ ایک سے لیکر دس گریڈ تک سب کی تنخواہ سے کاٹے جاتے ہیں لیکن یہ صر ف سٹاف کودیئے جاتے ہیں، ڈسپلن نہ ہونے کی وجہ سے لوکیشن میں موجود فنڈبہت جلد کم ہو جاتا تھا مثال کے طور پر جنا ح ایئر پورٹ پر 26لاکھ روپے میں سے 25 لاکھ روپے دیئے جا چکے ہیں جن کی ریکوری چل رہی ہے دوسری طرف یہ ویلفیئر کیلئے تھا تب ہی پچاس لاکھ کی شرط لگائی گئی ہے۔

ای پیپر دی نیشن