لاہور؍ اسلام آباد؍ فیروزوالہ؍ مریدکے (نمائندگان) وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین کے بڑے بھائی اور مسلم لیگ( ن )کے ایم این اے رانا احمد عتیق انور کے والد رکن پنجاب اسمبلی رانا افضال حسین حرکت قلب بند ہونے کے باعث انتقال کر گئے۔ مرحوم دو مرتبہ رکن قومی اسمبلی منتخب ہونے کے بعد اپنے چھوٹے بھائی رانا تنویر حسین کی خالی کی جانے والی پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 139 سے ضمنی انتخابات میں ایم پی اے منتخب ہوئے تھے۔ رانا افضال حسین نے پنجاب سوشل سکیورٹی ڈیپارٹمنٹ میں ڈائریکٹر سے ریٹائرمنٹ کے بعد سیاست میں حصہ لینا شروع کیا تھا۔ رانا افضال حسین کو ان کے والدین کے پہلو میں آبائی گاؤں ننگل کسوالہ مریدکے میں سپرد خاک کر دیا گیا۔ نماز جنازہ میں وفاقی و صوبائی وزراء کے علاوہ ارکان اسمبلی سرکاری افسران اور علاقہ کے معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم میاں شہباز شریف، قائم مقام گورنر ملک احمد خان نے رانا تنویر سے اظہار تعزیت کرتے ہوئے مرحوم کی مغفرت اور لواحقین کیلئے صبر جمیل کی دعا کی۔