لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ کل کامیاب ملک گیر شٹرڈاؤن ہو گا۔ حکمرانوں کو بجلی کی قیمتوں، ٹیکسز اور اپنی مراعات میں کمی کرنا پڑے گی۔ جماعت اسلامی کے دھرنا میں بھرپور شرکت پر خواتین کو مبارک باد دیتا ہوں۔ یکم ستمبر سے شروع ہونے والی ملک گیر ممبر سازی کمپین میں خواتین کو بھی ممبر بنایا جائے گا۔ قومی مزاحمتی تحریک کی کامیابی کے لیے خواتین کا کردار اہم ہے جو ملک کی آبادی کا نصف ہیں۔ جماعت اسلامی کے قومی ایجنڈا میں خواتین کے لیے وراثت کا حق، بچیوں کی تعلیم اور ان کے تحفظ کو یقینی بنانا سرفہرست ہے۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین رابطہ عوام مہم میں بڑھ چڑھ کر کردار ادا کرے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے منصورہ میں جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے ضلعی و زونل ذمہ داران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ ڈاکٹر حمیرا طارق، ثمینہ سعید، ڈاکٹر زبیدہ جبیں، ڈاکٹر سمیحہ راحیل قاضی، ناظمہ صوبہ وسطی پنجاب نازیہ توحید شریف، ناظمہ حلقہ لاہور عظمی عمران اور ارکان شوری، لاہور حلقہ کی تمام ناظمات بھی کنونشن میں موجود تھیں۔ آن لائن زوم پر ناظمہ صوبہ وسطی پنجاب ثمینہ احسان، ناظمہ صوبہ جنوبی پنجاب شازیہ سیال کراچی سمیت پورے پاکستان سے دیگر خواتین نے شرکت کی۔امیر جماعت نے موسیٰ خیل بلوچستان میں دہشت گردی واقعہ میں 23 مسافروں کے قتل کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور کہا کہ جس لرزہ خیز انداز میں شہریوں کو قتل کیا گیا وہ سخت تکلیف دہ ہے، یہ سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پرسوالیہ نشان ہے، حکومت شہریوں کے جان و مال کو تحفظ فراہم کرنے میں ناکام نظر آرہی ہے۔ سندھ اورجنوبی پنجاب میں کچے کے ڈاکوؤں کو کھلی چھٹی ملی ہوئی ہے جبکہ بلوچستان اور کے پی میں دہشت گرد جب جسے چاہیں معصوم شہریوں کو نشانہ بنالیتے ہیں۔
کل کامیاب شٹر ڈاؤن ہوگا، حکومت شہریوں کے تحفظ میں ناکام: حافظ نعیم
Aug 27, 2024