بھوئے آصل ( نامہ نگار) کوٹ رادھاکشن شہر اور گردونواح میں ورک پرمٹ کے نام پر غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 گھنٹے سے تجاوز کر گیا، شدید حبس کے موسم میں شہری پریشان ہو گئے۔ تفصیلات کے مطابق ہرماہ کے آخری عشرہ میںلیسکو کی جانب سے ورک پرمٹ کے نام پر لوڈشیڈنگ کا دورانیہ 8 سے10 گھنٹے ہونے لگا اس ماہ بھی یہ دورانیہ 8 گھنٹے سے تجاوز کر چکا ہے، برسات کے موسم میں شدید حبس کی وجہ سے سانس لینا بھی مشکل ہے۔ لیسکو کے ایک ذمہ دار افسر نے نام نہ بتانے کی شرط پر بتایا کہ ہر ماہ کے آخری عشرہ میں لائن لاسسز کم کرنے کے لیے لوڈشیڈنگ کی جاتی ہے تاکہ بجلی چوری کے گراف کو کم دکھا کر اعلیٰ افسروں کی طرف سے جواب طلبی سے بچا جا سکے۔