اظہر مشوانی کے لاپتا بھائیوں کا کیس: اٹارنی جنرل کی استدعا پر مزید 3 روز کی مہلت

پی ٹی آئی رہنما اظہر مشوانی کے دو لاپتہ بھائیوں کے کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے اٹارنی جنرل کی درخواست پر متعلقہ حکام کو لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے مزید 3 دن کا وقت دیدیا۔ اظہر مشوانی کے 2 لاپتہ بھائیوں کی بازیابی سے متعلق درخواست پر سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی جبکہ کیس میں وکیل بابر اعوان اور اٹارنی جنرل منصور اعوان نے دلائل دیے۔ دوران سماعت اٹارنی جنرل نے کہا کہ وزیراعظم کے علم میں بھی معاملہ لایا گیا جس کے بعد ایک لاپتہ کارکن واپس آیا،  تھوڑا وقت ملے تو دیگر افراد بھی واپس آ جائیں گے، مجھے 2 سے 3 دن مزید دے دیں بہتر خبر آئے گی، حکومت اپنا کام کر رہی ہے۔اٹارنی جنرل کی جانب سے مزید وقت مانگنے پر درخواست گزار کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ اٹارنی جنرل جو  آج کہہ رہے ہیں، ویسا پہلے بھی کہہ چکے ہیں، اٹارنی جنرل نے یہی بات سپریم کورٹ میں بھی کی تھی۔چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیےکہ اٹارنی جنرل نے بتایا ہےکہ لاپتہ شہریوں سے متعلق معاملہ وزیراعظم کے سامنے رکھا گیا ہے، اس عدالت کو بتایا گیا ہے کہ لاپتہ فیضان واپس آگیا ہے، جو کارکن واپس آگیا ہے اس کی درخواست نمٹا دیتے ہیں۔بعد ازاں عدالت نے اٹارنی جنرل کی درخواست منظور کرتے ہوئے کیس کی سماعت جمعے تک ملتوی کر  دی۔

ای پیپر دی نیشن