راولپنڈی: 25،26 اگست 2024 کو دہشت گرد حملوں کے دوران بلوچستان کے مختلف علاقوں میں جامِ شہادت نوش کرنے والے بہادروں کی تدفین کردی گئی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق کیپٹن محمد علی قریشی شہید (عمر29سال، ساکن ضلع لاہور) اور نائیک عطاء اللہ شہید (عمر27سال، ساکن ضلع مردان) کی تدفین کردی گئی ہے۔
علاوہ ازیں سپاہی محمد سلیم شہید (عمر26سال، ساکن ضلع میانوالی) اور سپاہی محمد یاسر بشیر شہید (عمر26سال، ساکن ضلع ملتان) کو بھی مکمل فوجی اعزاز کے ساتھ آبائی علاقوں میں سپردِ خاک کیا گیا ہے۔آئی ایس پی آر نے بتایا کہ کیپٹن محمد علی قریشی کی نماز جنازہ میں کور کمانڈر لاہور نے شرکت کی، دیگر شہداء کی نمازِ جنازہ اور تدفین میں پاک فوج کے سینئر افسران، جوانوں، شہداء کے لواحقین اور عمائدین علاقہ کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی سیکیورٹی فورسز قوم کے شانہ بشانہ بلوچستان کے امن، استحکام اور ترقی کو سبوتاژ کرنے کی کوششوں کو ناکام بنانے کے لیے پرعزم ہیں.ہمارے شہداء کی یہ عظیم قربانیاں کسی صورت رائیگاں نہیں جائیں گی۔