کراچی: محکمہ تعلیم سندھ نے ملک بھر میں تاجروں کی شٹر ڈاؤن ہڑتال کے دوران اسکولز بند رکھنے سے متعلق اعلان کر دیا۔محکمہ تعلیم سندھ نے سوشل میڈیا پر کل بروز 28 اگست ہڑتال کے سبب اسکولز بند ہونے کی خبروں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیمی ادارے معمول کے مطابق کھلے رہیں گے۔محکمے نے ہدایت کی ہے کہ اسکولوں کی بندش کے حوالے سے فیک نیوز اور قیاس آرائیوں پر دھیان نہ دیا جائے، سرکاری و نجی اسکولز کی انتظامیہ والدین کے ساتھ رابطے میں رہے۔سوشل میڈیا پر ہڑتال اور کراچی میں متوقع طوفانی بارش کے سبب تعلیمی اداروں کی بندش کے حوالے سے خبریں گردش کر رہی ہیں جن کی وجہ سے والدین تذبذب کا شکار ہیں۔طوفانی بارش کی پیشگوئی پر تعلیمی ادارے بند رکھنے کے حوالے سے وزیر اطلاعات و نشریات سندھ شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ حکومت نے فی الحال اسکول بند کرنے کا فیصلہ نہیں کیا، معمولی بارش ہوئی تو اسکول اور کالجز کھلے رہیں گے، تعلیمی ادارے کھلے یا بند رکھنے سے متعلق فیصلہ صورتحال دیکھ کر کیا جائے گا۔انھوں نے بتایا تھا کہ صوبے بھر میں 27 سے 31 اگست تک شدید بارشوں کا امکان ہے. حکومت کی جانب سے تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں. عوام ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلیے حکام سے تعاون کریں۔