ٹائی ٹینک حادثے کی رپورٹ پر مبنی اخبار ’’112 برس‘‘ بعد مل گیا

Aug 27, 2024 | 23:28

ویب ڈیسک

مشہور زمانہ بحری جہاز ٹائی ٹینک حادثے پر معروف برطانوی اخبار کا شائع ہونے والا خصوصی شمارہ 112 سال بعد منظر عام پر آ گیا۔

دنیا میں بحری حادثات میں ٹائی ٹینک کا حادثہ سب سے سنگین ہے جس میں 1500 سے زائد افراد ہلاک ہوئے تھے اور یہ واقعہ 20 اپریل 1912 میں بحر اوقیانوس میں پیش آیا تھا۔

حادثے پر اس وقت کے برطانوی اخبار ڈیلی مرر نے خصوصی اشاعت کی تھی، جس میں حادثے کی مکمل تفصیلات بیان کی گئی تھیں۔

ٹائی ٹینک تو فلم اور کئی قصوں کے سبب لوگوں کے ذہنوں میں محفوظ رہا، لیکن اس بدترین بحری حادثے پر شائع ہونے والا یہ خصوصی ضمیمہ لوگوں کی نظروں سے اوجھل ہوگیا جو اب ایک صدی سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد ایک الماری سے ملا ہے جس میں بدقسمت جہاز پر سوار افراد کی دردناک کہانیاں تحریر تھیں۔

ڈیلی مرر نے اس واقعے سے متعلق اپنے اخبار کے پہلے صفحے پر دو خواتین کی تصویر لگائی ہے جو برطانوی شہر ساؤتھمٹن کی اس بندرگاہ پر موجود تھیں، جہاں سے یہ جہاز اپنے پہلے اور آخری سفر کی جانب روانہ ہوا تھا۔

اخبار نے اس تصویر کی سرخی میں حادثے کی ہولناکی کو بیان کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ’’ان ہزاروں سانحات میں سے ایک، جس نے ٹائی ٹینک کو دنیا کی تاریخ کا سب سے خوفناک حادثہ بنا دیا۔‘

مزیدخبریں