وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کی جانب سے پانچ نکاتی مؤقف پر مبنی جواب اٹارنی جنرل مولوی انوارالحق نے سپریم کورٹ میں جمع کرایا۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ حکومت عدلیہ اور اس کے فیصلوں کا انتہائی احترام کرتی ہے۔ پی آئی ڈی ٰآفس گزشتہ تین دہائیوں سے حکمران جماعت کے ارکان کی پریس کانفرنسز کے لیے استعمال ہوتا آیا ہے جبکہ دیگر ادارے بھی یہاں پریس کانفرنس کرتے ہیں جس کی ایک مثال ایبٹ آباد کمیشن کے سربراہ جسٹس ریٹائرڈ جاوید اقبال کی میڈیا بریفنگ بھی ہے۔ میمو پر عبوری عدالتی فیصلے کے بعد بابر اعوان اور وزراء کی پریس کانفرنس کا مقصد کسی جج یا عدالتی فیصلوں کی تضحیک نہیں تھا۔ حکومت عدلیہ کی آزادی پر یقین رکھتی ہے۔ جواب میں کہا گیا ہے کہ وزیراعظم کو پارٹی کے تاریخی مؤقف پر کوئی ابہام نہیں ۔حکومت تقسیم اختیارات کے تحت سول حکمرانی پر یقین رکھتی ہے۔ بھٹو ریفرنس میں صدر کا مؤقف بھٹو کی پالیسی کا تسلسل ہے۔ واضح رہے کہ گزشتہ سماعت پر اٹارنی جنرل نے حکومتی پریس کانفرنس پر وزیراعظم کا جواب سپریم کورٹ میں پیش کیا تھا جسے مسترد کرتے ہوئے عدالت نے دوبارہ جواب داخل کرانے کی ہدایت کی تھی۔