طاہر القادری کے پروگرام سے متفق ہیں مگر الیکشن ملتوی نہیں ہونے چاہیں : سمیع الحق

Dec 27, 2012


لاہور (خصوصی نامہ نگار) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے الیکشن کراچی کے حالات پر ملتوی ہونے کا خدشہ ہے اگر ابھی الیکشن نہ ہوئے تو ہماری زندگی میں الیکشن نہیں ہونگے۔ انہوں نے ائیرپورٹ پر میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نگران حکومت فی الفور بنائی جائے۔ متحدہ قومی موومنٹ سیاست میں بڑا کردار ہے جو نہیں مانتے وہ غلطی پر ہیں۔ جمعیت علماء اسلام کے امیرمولانا سمیع الحق نے کہا کہ طاہر القادری کے پروگرام سے متفق ہیں لیکن الیکشن ملتوی نہیں ہونا چاہیے۔ دفاع پاکستان کونسل تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر ملک میں بہتری کے لئے کام کرنا چاہتی ہے۔ جنرل حمید گل نے کہا ہم جہادی لوگ ہیں پاکستان میں اللہ کی حاکمیت چاہتے ہیں۔ اب وقت آگیا ہے کہ لوگ اٹھ کھڑے ہوں۔ واضح رہے کہ دفاع پاکستان کونسل کے تینوں رہنما کل کراچی میں ہونے والی اے پی سی میں شرکت کے لیے کراچی پہنچے ہیں۔ دریں اثناءخصوصی نامہ نگار کے مطابق جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ ملکی حالات تقاضا کرتے ہیں کہ آئین و قانون کے مطابق اور قومی اتفاق رائے سے جلد عبوری حکومت قائم کر کے صاف و شفاف انتخابات کرائے جائیں، اصلاحات کا بہانہ بنا کر الیکشن میں تاخیر ملک و قوم کے لئے نقصان دہ ہو گی۔ اگر ایسا کیا گیا تو قوم اس سازش کو ناکام بنا دے گی۔ مسلم لیگ (ن) اور تحریک انصاف سمیت تمام جماعتوں سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ جماعت اسلامی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات محمد انور نیازی کے مطابق ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر راشد نسیم کی والدہ کی وفات پر تعزیت کے موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

مزیدخبریں