لاہور (خبرنگار) پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنما اور سابق سپیکر قومی اسمبلی سید فخر امام اور پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر میجر (ر) ذوالفقار گوندل نے کہا ہے کہ حکومت کی رخصتی اور الیکشن شیڈول کے بعد انتخابی مہم شروع ہو جاتی ہے جوکہ پولنگ ڈے سے ایک دن پہلے تک جاری رہتی ہے۔ الیکشن مہم تو اس وقت بھی جاری ہے۔ نوازشریف، راجہ پرویز اشرف سمیت تمام بڑے لیڈر ملک بھر میں جو جلسے کر رہے ہیں یہ اسی الیکشن مہم کا حصہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سید فخر امام نے کہاکہ جب الیکشن کا اعلان ہو جائے تو 40سے 50دن الیکشن مہم جاری رہتی ہے۔ کاغذات نامزدگی جمع کرانا، کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال سب اس الیکشن مہم کا حصہ ہیں، انتخابی مہم تو اس وقت بھی جاری ہے۔ مگر اس کا فرق یہ ہے کہ انتخابات کا اعلان ہونے کے بعد جب انتخابی مہم شروع ہو گی تو اس پر اخراجات اور دیگر شرائط لاگو ہوں گی۔ میجر (ر) ذوالفقار گوندل نے کہا کہ میاں نوازشریف راجہ پرویز اشرف ملک بھر میں جو جلسے کر رہے ہیں یہ انتخابی مہم ہی ہے۔ نوازشریف انتخابی دوروں پر ہی سندھ اور سرحد جاکر جلسے کر رہے ہیں البتہ وہ انتخابی مہم جس پر الیکشن کمشن کے قواعد و ضوابط لاگو ہوں گے وہ حکومت ختم ہونے اور کاغذات نامزدگی جمع کرانے پر شروع ہو گی۔